اسرائیل 60 روزہ جنگ بندی کی شرائط پر متفق، حماس سے مثبت ردعمل کی امید: صدر ٹرمپ
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیل 60 روزہ جنگ بندی کے لیے ضروری شرائط پر راضی ہو گیا ہے۔ قطر اور مصر کی پیشکش پر حماس سے معاہدہ قبول کرنے کی اپیل کی گئی ہے

صدر ٹرمپ / آئی اے این ایس
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کے لیے درکار ’ضروری شرائط‘ پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ جنگ کے خاتمے کی سمت ایک اہم قدم ہو سکتا ہے، جس کے تحت تمام فریقوں کے ساتھ مل کر دیرپا امن کی کوشش کی جائے گی۔
ٹرمپ نے منگل کو ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا، ’’ہم غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ کام کریں گے۔ اسرائیل نے 60 دن کے سیز فائر کے لیے ضروری شرائط تسلیم کر لی ہیں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ قطر اور مصر اس تجویز کو حتمی شکل دیں گے اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ حماس اس امن معاہدے کو تسلیم کرے گی، کیونکہ اگر اس سے انکار کیا گیا تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میرے خیال میں حماس کے پاس یہ معاہدہ قبول کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔‘‘
امریکی صدر نے تصدیق کی کہ ان کے نمائندوں نے اسرائیلی حکام سے غزہ کی صورت حال پر طویل ملاقات کی ہے، جس کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کی اولین ترجیح اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا نفاذ ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نئی تجویز میں حماس کی چند خدشات کو بھی شامل کیا گیا ہے، تاکہ سیز فائر کے ساتھ ساتھ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا بھی راستہ ہموار کیا جا سکے۔ اس وقت بھی تقریباً 50 اسرائیلی یرغمالی غزہ میں موجود ہیں، جن میں سے کم از کم 20 کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہ زندہ ہیں۔
صدر ٹرمپ کے اس اعلان سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو آئندہ ہفتے امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ’’میں نیتن یاہو سے اس معاملے پر بہت واضح گفتگو کروں گا۔ وہ جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور میرے خیال میں ہم ایک معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہیں۔‘‘
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کے مطابق یہ نیتن یاہو کا صدر ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے بعد تیسرا دورہ ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ غزہ اور ایران کی صورت حال صدر ٹرمپ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے جواب میں غزہ پر فوجی کارروائی شروع کی تھی، جس کے نتیجے میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق اب تک 56,647 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ صرف حالیہ دنوں میں 6,000 سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔