ایران-امریکہ جوہری مذاکرات کا تیسرا دور، ایرانی وزیر خارجہ جنیوا کے لیے روانہ

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت کے لیے جنیوا روانہ ہو گئے۔ دونوں ممالک نے سفارت کاری کے ذریعے منصفانہ معاہدے کی امید ظاہر کی ہے

<div class="paragraphs"><p>عباس عراقچی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

تہران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی امریکہ کے ساتھ ہونے والے جوہری مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت کے لیے ایک سیاسی وفد کی قیادت کرتے ہوئے جنیوا روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب مغربی ایشیا میں امریکی فوجی موجودگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سید عباس عراقچی نے روانگی سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران جمعرات کو امریکہ کے ساتھ بات چیت کا نیا دور شروع کرے گا اور وہ ایک منصفانہ اور مساوی معاہدے کے عزم کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس ایک تاریخی موقع موجود ہے کہ وہ ایسا غیر معمولی معاہدہ کریں جو باہمی خدشات کو دور کرے اور مشترکہ مفادات کا تحفظ یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سفارت کاری کو ترجیح دی جائے تو معاہدہ ممکن ہے۔


دریں اثنا ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکہ کے حوالے سے تمام متبادل راستے کھلے ہیں۔ ان کے مطابق ایران وقار پر مبنی سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر ایسا دفاع بھی کیا جائے گا جو مخالف کو اپنی پالیسی پر نظرثانی پر مجبور کر دے۔

ادھر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ وہ ایران کے ساتھ تنازعہ کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور مجید تخت روانچی نے بھی ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران جوہری معاہدہ حاصل کرنے کے لیے ہر ضروری قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وفد جنیوا میں مکمل دیانت اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوگا اور امید ہے کہ امریکی فریق بھی اسی جذبے کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اگر تمام فریقین میں سیاسی ارادہ موجود ہوا تو معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔