ایران: سونا ذخیرہ کرنے اور زر مبادلہ میں جوڑ توڑ کرنے والے ’سلطان‘ کو پھانسی

ایران میں سونا ذخیرہ کرنے اور زر مبادلہ کی مارکیٹ میں جوڑ توڑ کی کوشش کرنے والے واحد مظلومین نامی ایک شخص اور اس کے ایک ساتھی کو پھانسی دے دی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

ایران نے ’سلطان آف کَوئنز‘ کہلانے والے شخص اور اس کے ساتھی کو پھانسی دے دی ہے، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے سونے کے سِکوں اور غیر ملکی زر مبادلہ کا نہ صرف ذخیرہ کر کے ایرانی مالیاتی مارکیٹ میں گڑ بڑ کی بلکہ انہیں بیرون ملک اسمگل بھی کیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ پیش رفت ایران کی طرف سے اس بات کا اشارہ بھی ہے کہ وہ اپنے ہاں کرنسی مارکیٹ میں گڑ بڑی کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔ ایران کو اس وقت سخت معاشی بحران کا سامنا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق واحد مظلومین اور اس کے ساتھ محمد اسماعیل کو آج بدھ 14 نومبر کی صبح پھانسی دے دی گئی۔ سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ان پر یہ جرم ثابت ہو گیا تھا کہ انہوں نے غیر قانونی معاہدوں اور اسمگلنگ کے ذریعے ایرانی کرنسی اور سونے کے سکوں کی مارکیٹ میں جوڑ توڑ کی تھی۔ اسی سلسلے میں نامعلوم تعداد میں دیگر افراد کو قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔

ایران نے واحد مظلومین کو رواں برس جولائی میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے دو ٹن سونے کے سکے برآمد کیے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایران کے خلاف پابندیوں کی بحالی کے سبب ایرانی معیشت کو بحرانی صورتحال کا سامنا ہے۔ ایسے میں ایرانی لوگ سونے کے سکے اور غیر ملکی کرنسی جمع کر کے یا دیگر صورتوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے اپنے اثاثے محفوظ بنانے کی کوشش میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔