امریکی پابندیاں: ایران نے بنایا ’کوثر‘ جنگی طیارہ

ایران نے ملکی فضائیہ کی ضروریات کے پیش نظر مقامی سطح پر ڈیزائن کردہ جنگی طیاروں کی پیداوار شروع کر دی ہے، یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران کے خلاف مزید امریکی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

تصویر ڈی ڈبلیو ڈی
تصویر ڈی ڈبلیو ڈی
user

ڈی. ڈبلیو

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر گزشتہ روز یعنی ہفتہ کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق مقامی سطح پر ڈیزائن کردہ کوثر جنگی طیاروں کی پیداوار شروع کر دی گئی ہے۔ تہران حکومت کی طرف سے یہ اعلان ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب امریکا نے اس کے خلاف پابندیوں کے دوسرے راؤنڈ کا اعلان کیا ہے۔

ایک پیداواری یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی کا کہنا تھا، ’’جلد ہی ضرورت کے مطابق بنائے جانے والے طیارے ملکی فضائیہ کے حوالے کر دیئے جائیں گے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دشمن کی پابندیوں‘ کے باوجود یہ اقدام ایرانی ماہرین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔

ایران کی طرف سے اس تقریب کا انعقاد امریکی پابندیوں کے اعلان کے ایک روز بعد کیا گیا ہے۔ امریکا نے ایرانی خام تیل کی فروخت اور بینکنگ سیکٹر کو نشانہ بنایا ہے اور یہ پابندیاں پیر کے روز سے نافذ العمل ہو جائیں گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امید ہے کہ اس طرح ایران کو جوہری اور میزائل پروگرام مستقل طور پر بند کرنے پر مجبور اور مشرق وسطیٰ کے تنازعات میں اس کی مداخلت کو روکا جا سکتا ہے۔

ایران ابھی تک امریکی اور روسی ساختہ جنگی طیارے استعمال کر رہا ہے لیکن ان میں سے زیادہ تر طیارے پرانے ساخت کے ہیں۔ ایران نے کوثر جنگی طیاروں کا منصوبہ اگست میں پیش کیا تھا۔ تہران حکومت کے مطابق یہ سو فیصد مقامی سطح پر ڈیزائن کیا گیا ہے اور مختلف اقسام کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

چند ماہرین کے مطابق یہ جنگی طیارے امریکی ’ایف فائیو‘ جنگی طیاروں کی نقل ہیں۔ امریکا یہ طیارے 60 کی دہائی میں مارکیٹ میں لے کر آیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔