’رمضان عمرہ‘ کے لیے مربوط ڈیجیٹل سسٹم فعال، سعودی عرب میں ویزا اور قیام کی تفصیلات جاری
ٹرانزٹ ویزا مخصوص شرائط کے تحت 96 گھنٹوں تک قیام اورعمرہ کی ادائیگی کی اجازت دیتا ہے جبکہ عمرہ ویزا رکھنے والے اپنی میعاد کے دوران سعودی عرب کے تمام علاقوں میں آزادی کے ساتھ گھوم پھرسکتے ہیں۔

یوں تو پورے سال عمرہ جاری رہتا ہے تاہم رمضان المبارک میں ہندوستان سمیت دنیا بھر سے کثیر تعداد نے معتمرین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے حجاز مقدس کا رخ کرتے ہیں۔ کیونکہ ہرمعتمرکی خواہش ہوتی ہے کہ وہ رمضان کی مبارک ساعتیں حرمین شریفین میں گزارے۔ رمضان المبارک میں عمرہ کرنے کی عظیم فضیلت بیان کی گئی ہے۔ اس وجہ سے رمضان عام دنوں کے مقابلے معتمرین کی زیادہ تعداد کا مشاہدہ کرتا ہے۔
اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے ایک مربوط ڈیجیٹل سسٹم فعال کر دیا ہے۔ یہ سسٹم ویزا کے اجرا سے لے کر سعودی عرب سے واپس روانگی تک مہمانان خدا کے سفر کا انتظام سنبھالتا ہے۔ اس کا مقصد تکنیکی ہم آہنگی کے ذریعے طریقہ کار کو آسان بنانا، ہجوم کو منظم کرنا اور ایمانی تجربے کے معیار کو بلند کرنا ہے۔
سعودی عرب نے عمرہ ویزا حاصل کرنے کے لیے کئی ذرائع فراہم کیے ہیں، جن میں وزارت خارجہ کا الیکٹرانک ویزا پلیٹ فارم، منظور شدہ بیرونی ایجنٹس اور ’’نسک‘‘ پلیٹ فارم شامل ہے جو لائسنس یافتہ سروس فراہم کنندگان کے ذریعے مکمل پیکجز پیش کرتا ہے۔ تمام مسلمانوں کے لیے منظور شدہ قوانین کے مطابق عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبویؐ کی زیارت کی اجازت ہے۔
مسجد حرام جانے سے پہلے ’نسک‘ ایپ کے ذریعے سرکاری اجازت نامہ حاصل کرنا ایک بنیادی شرط ہے۔ یہ ایپ عمرہ اور ریاض الجنۃ میں نماز کے لیے وقت کی بکنگ، الیکٹرانک انٹری کوڈ کا اجرا، اوقات کی یاد دہانی کے ساتھ ساتھ مصروف اوقات اور پر ہجوم مقامات کی نشاندہی فراہم کرتی ہے۔ اس میں موجود متعدد زبانوں کی سہولت بندگان خدا کے سیلاب کو مؤثر طریقے سے منظم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
ٹرانزٹ ویزا مخصوص شرائط کے تحت 96 گھنٹوں تک قیام اورعمرہ کی ادائیگی کی اجازت دیتا ہے جبکہ عمرہ ویزا رکھنے والے اپنی میعاد کے دوران سعودی عرب کے تمام علاقوں میں آزادی سے گھوم سکتے ہیں۔ یہ تنظیمی ڈھانچہ لچک اور نظم و ضبط کے درمیان توازن پیدا کرتا ہے۔ ایئرپورٹ اور مکہ مکرمہ کے درمیان ٹرانسپورٹ کے ذرائع حرمین ایکسپریس ٹرین، بسوں، ٹیکسیوں اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ ایپس کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
مسجد حرام اور مسجد نبوی میں خدمات کا ایک ایسا نظام موجود ہے جس میں دستی اور الیکٹرک وہیل چیئرز، رہنمائی اور فوری ترجمے کے مراکز، "نسک" کے ذریعے ریاض الجنۃ کی زیارت کی تنظیم، سامان رکھنے کے مراکز، آبِ زمزم کی فراہمی اور ڈیجیٹل گائیڈنس پلیٹ فارمز شامل ہیں جو زائرین کے آرام اور سلامتی کو یقینی بناتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔