مشرق وسطیٰ میں انڈیگو کی پروازیں بحال، احتیاطی تدابیر اور سکیورٹی پر زور

انڈیگو نے مشرق وسطیٰ کے ایئرپورٹس کھلنے کے بعد دبئی، دوحہ، جدہ سمیت کئی راستوں پر پروازیں دوبارہ شروع کر دیں۔ سکیورٹی کو مدنظر رکھ کر یہ قدم اٹھایا گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>انڈیگو ائیر لائنس، تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

انڈیگو ائیر لائنس، تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: انڈیگو ایئرلائن نے منگل کو اعلان کیا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی تناؤ کے پیش نظر احتیاطاً بند کی گئی پروازیں اب مرحلہ وار دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔ اس اعلان کے مطابق، مشرق وسطیٰ کے کئی ایئرپورٹس جیسے دبئی، دوحہ، جدہ، مدینہ، ابوظہبی، کویت، مکہ، شارجہ اور دیگر مقامات پر پروازوں کا سلسلہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ بحال کیا جا رہا ہے۔

انڈیگو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لکھا، ’’مشرق وسطیٰ میں ایئرپورٹس آہستہ آہستہ کھل رہے ہیں۔ ہم انتہائی احتیاط اور مرحلہ وار طریقے سے ان راستوں پر اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔ ہماری ٹیم حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ مسافروں کے لیے محفوظ اور پرسکون سفر یقینی بنایا جا سکے۔‘‘


ایئرلائن نے مشورہ دیا کہ مسافر وقتاً فوقتاً انڈیگو کے موبائل ایپ یا ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ چیک کرتے رہیں تاکہ کسی بھی تبدیلی یا اہم اطلاع سے بروقت آگاہ رہیں۔ انڈیگو نے اپنے مسافروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعتماد اور تعاون کی بدولت ہی یہ عمل ممکن ہو رہا ہے۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب انڈیگو نے چند گھنٹے قبل ہی مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی اہم روٹس پر پروازیں صبح 10 بجے تک کے لیے عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس وقت ایئرلائن نے کہا تھا، ’’ہم سمجھتے ہیں کہ اس فیصلے سے آپ کی سفری منصوبہ بندی متاثر ہو سکتی ہے، اور ہمیں اس پر افسوس ہے۔ لیکن آپ یقین رکھیں کہ یہ اقدام صرف اور صرف آپ کی حفاظت کے لیے کیا گیا ہے۔‘‘

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کے فضائی راستوں پر سکیورٹی خدشات بڑھے ہیں، جس کے سبب مختلف ایئرلائنز نے اپنے آپریشنز پر نظرثانی شروع کر دی ہے۔ انڈیگو نے بھی حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ابتدائی طور پر فلائٹس روکنے کا فیصلہ کیا، اور اب جب کچھ حد تک استحکام نظر آیا، تو مخصوص راستوں پر پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔

ایئرلائن کی جانب سے یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ وہ صرف محفوظ فضائی راستوں کو ہی استعمال کرے گی اور کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔