قندھار میں ہندوستانی قونصل خانہ بند نہیں ہوا: وزارت خارجہ

حکومت نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں سیکورٹی کے بگڑتے حالات کے سبب قندھار میں ہندوستانی قونصل خانہ بند کر دیا گیا ہے

اریندم باگچی
اریندم باگچی
user

یو این آئی

نئی دہلی: حکومت نے آج ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں سیکورٹی کے بگڑتے حالات کے سبب قندھار میں ہندوستانی قونصل خانہ بند کر دیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں واضح کیا کہ قندھار میں ہندوستان کے قونصل خانے میں تعینات ہندوستانی ملازمین کو افغانستان میں سرکاری سکیورٹی فورسز اور طالبان کے مابین شدید تشدد کے دوران عارضی طور پر واپس بلا لیا گیا ہے، اور مقامی عملہ کے ذریعہ مشن کام کر رہا ہے۔

باگچی نے مزید کہا ”ہندوستان افغانستان میں تیزی سے بدلتے سیکورٹی حالات پر باریکی سے نظر رکھے ہوا ہے۔ ہمارے ملازمین کی حفاظت سب سے اوپر ہے۔ قندھار میں ہندوستانی قونصل خانہ بند نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم قندھار کے قریب شدید لڑائی کی وجہ سے ہندوستانی ملازمین کو فی الحال واپس بلایا گیا ہے۔“


انہوں نے کہا ”میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ حالات مستحکم ہونے تک یہ ایک مکمل طور پر عارضی اقدام ہے۔ ہندوستانی مشن مقامی عملہ کے توسط سے چلایا جا رہا ہے۔ ویزا اور قونصلر خدمات کابل میں سفارتخانے کے ذریعہ فراہم کی جا رہی ہیں۔“

ترجمان نے کہا کہ افغانستان کے ایک اہم شراکت دار کی حیثیت سے ہندوستان ایک پر امن، خودمختار اور جمہوری افغانستان کے لئے پر عزم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔