زلزلے سے متاثرہ ترکیے میں ہندوستانی فوج نے سنبھالا محاذ، فیلڈ اسپتال میں زخمیوں کا علاج شروع، این ڈی آر ایف بچاؤ میں مصروف

زلزلے کی وجہ سے ترکیے میں 12 ہزار افراد کی جان چلی گئی ہے، جبکہ شام میں مہلوکین کی تعداد 3400 سے تجاوز کر گئی ہے۔ متاثرہ مقامات پر راحت رسانی کا کام جاری ہے

<div class="paragraphs"><p>ترکیے میں زلزلے سے تباہی / Getty Images</p></div>

ترکیے میں زلزلے سے تباہی / Getty Images

user

قومی آوازبیورو

انقرہ: ترکیے (ترکی) اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ ہر جانب ملبہ بکھرا ہوا نظر آ رہا ہے اور چیخ و پکار فضا میں گونج رہی ہے۔ اموات کی تعداد بھی لگاتار بڑھ رہی ہے اور دونوں ممالک میں ہلاک شدگان کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ وہیں، زخمیوں کی تعداد 60 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ زمیندوز ہونے والی عمارتوں کے ملبے میں مزید لاشیں دبی ہونے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ ترکیے اور شام سمیت کئی ممالک میں پیر یعنی 6 فروری کو 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں 150 سے زیادہ آفٹر شاکس (زلزلہ کے بعد آنے والے جھٹکے) محسوس کئے جا چکے ہیں۔ ترکیے میں آنے والے زلزلہ کے جھٹکے گرین لینڈ تک محسوس کئے گئے تھے۔


دریں اثنا، ہندوستانی فوج اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے ترکیے میں محاذ سنبھال لیا ہے۔ ہندوستانی فوج نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں فیلڈ ہسپتال قائم کیا ہے جہاں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے بھی بچاؤ کا کام شروع کر دیا ہے۔ این ڈی آر ایف کی 3 ٹیمیں مختلف علاقوں میں عمارتوں کے ملبے میں زندگی کی تلاش کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ ہندوستان نے 'آپریشن دوست' کے تحت ترکیے کو خصوصی مدد بھیجی ہے۔ ہندوستان سے این ڈی آر ایف کی تین ٹیمیں بچاؤ کے لیے ترکی پہنچی ہیں۔ ان ٹیموں میں اسپیشل ریسکیو ڈاگ اسکواڈ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی فوج کی میڈیکل ٹیم بھی ترکی پہنچ گئی ہے۔

بھارتی فوج نے ہتائے قصبے میں ایک فیلڈ ہسپتال قائم کیا ہے۔ جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ اتنا ہی نہیں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی بچاؤ آپریشن چلا رہی ہیں۔ تاہم سردی، برف باری کے باعث ریسکیو آپریشن انتہائی مشکل ہو رہا ہے۔


ہندوستان سمیت 70 ممالک اور 14 بین الاقوامی تنظیموں نے زلزلے سے متاثرہ ترکیے کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ حکومت ہند نے غازی آباد اور کولکاتا بیس سے این ڈی آر ایف کی 3 ٹیمیں ترکی کے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کی کارروائیوں کے لیے ترکی بھیجی ہیں۔

وزارت خارجہ نے بتایا کہ ترکی کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے یہ ہندوستانی محفوظ ہیں لیکن ایک ہندوستانی لاپتہ ہے۔ حکومت ہند ترکی میں لاپتہ ہندوستانی کے خاندان سے رابطے میں ہے۔ ترکی میں رہنے والے ہندوستانیوں کی تعداد 3000 ہے اور سبھی محفوظ ہیں۔

ترکیے کے صدر رجب طیت ایردوآن نے بدھ کے روز اپنے ملک میں زلزلہ سے متاثرہ جنوبی علاقہ کا دورہ کیا اور ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا۔ ملک میں 10 شہروں میں زلزلہ کی تباہی نظر آ رہی ہے۔ راحت رسانی کا کام لگاتار جاری ہے اور مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔