'ہندوستان ہمارا فائدہ اٹھاتا ہے، وہاں بہت پیسہ ہے، ہماری مدد کی اسے ضرورت نہیں' : ڈونالڈ ٹرمپ
ٹرمپ نے ایک کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ ٹیرف والے ملکوں میں سے ایک ہے۔ ہم کچھ فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو ان کے پاس 200 فیصد ٹیرف ہے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ لگاتار سرخیوں میں بنے ہوئے ہیں۔ ہندوستان کو لے کر دیے گئے ان کے بیانات بھی اس وقت پوری دنیا میں موضوع بحث ہیں۔ اس درمیان ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہندوستان ہمارا فائدہ اٹھاتا ہے۔ وہاں 200 فیصد تک ٹیرف ہے۔ ان کے پاس بہت پیسہ ہے۔ انہیں انتخاب میں 18 ملین ڈالر مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم انتخابات کے لیے ہندوستان کو پیسہ دے رہے ہیں، انہیں پیسے کی ضرورت نہیں ہے۔ ٹرمپ نے یہ بیان کنزرویٹیو پالیٹکس ایکشن کانفرنس میں اپنے اختتامی خطاب کے دوران دیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ ٹیرف والے ملکوں میں سے ایک ہے۔ ہم کچھ فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو ان کے پاس 200 فیصد ٹیرف ہے۔ پھر بھی ہم انہیں انتخاب میں مدد کے نام پر رقم مہیا کروا رہے ہیں۔ ہندوستان کے پاس بہت پیسہ ہے۔ انہیں ہماری مدد کی ضرورت نہیں ہے۔
یہ چوتھی بار ہے جب ٹرمپ نے ہندوستان میں ووٹروں کی حصہ داری بڑھانے کے لیے یو ایس اے آئی ڈی فنڈنگ کو لے کر اپنا دعویٰ دہرایا ہے۔ اس سے پہلے بھی انہوں نے اس معاملے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فنڈنگ کسی دیگر کو انتخاب میں جتانے کے لیے کی گئی تھی۔
ادھر 'دینک جاگرن' کی خبر کے مطابق ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے ہفتہ کو ٹرمپ کے ذریعہ لگائے گئے ان الزامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے لوگوں نے کچھ جانکاری دی ہے۔ ظاہری طور پر یہ تشویشناک ہے۔ اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ میرا ماننا ہے کہ سچائی سامنے آئے گی۔ جئے شنکر نے کہا کہ یو ایس ایڈ کو نیک نیتی سے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اب امریکہ سے بتایا جا رہا ہے کہ ایسی سرگرمیاں بدنیتی پر مبنی ہیں، یہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس میں کچھ ہے تو ملک کو پتہ ہونا چاہیے کہ اس میں کون لوگ شامل ہیں؟
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔