’ہندوستان روہنگیا مسئلہ پر بنگلہ دیش اور میانمار کے درمیان مذاکرات کا حامی‘

وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ کچھ گھروں کی تعمیر کے لئے میانمار کو مدد دی ہے۔ ساتھ ہی بنگلہ دیش میں رہ رہے مہاجرین کے لئے بھی مدد کی ہے۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نیویارک: ہندوستان نے کہا ہے کہ روہنگیا مسئلہ میانمار اور بنگلہ دیش سے منسلک ہے اور ہم نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رويش کمار نے جمعرات کو یہاں صحافیوں کو بتایا ’’ہم نے کچھ گھروں کی تعمیر کے لئے میانمار کو مدد دی ہے۔ ساتھ ہی ہم نے بنگلہ دیش میں رہ رہے مہاجرین کے لئے بھی مدد کی ہے۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں‘‘۔

وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے بعد بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کر سکتے ہیں۔


کمار نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی مذاکرات کے سلسلہ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات جا ری ہیں، لیکن ابھی تک کچھ بھی اشتراک نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ سبھی نازک ایشوز ہیں لیکن ہم پر امید ہیں‘‘۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مودی کی جمعرات کو ایرانی قیادت کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ ہوگی۔ انہوں نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنكر اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان ملاقات کے معاملہ پر کہا کہ مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہندوستان میں اکتوبر میں ہونے والے غیر رسمی سربراہی اجلاس پر سب کا دھیان ہے اور اس پر ہی بات چیت کی گئی۔


قابل غور ہے کہ میانمار میں فوج اور پولس کی ظلم و زیادتی کے سبب سات لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش میں پناہ گزین کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ ہندوستان نے میانمار کے متاثرہ علاقوں میں روہنگیا پناہ گزینوں کی بازآباد کاری کے واسطے گھروں کی تعمیر کے لئے مالی امداد دی ہے جبکہ بنگلہ دیش میں رہ رہے روہنگیا مسلمانوں کی بھی مالی مدد دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔