عمران کا نیا پاکستان :’انسان صرف کوشش کر سکتا ہے، کامیابی اللہ کے ہاتھ میں‘

اپنی حکومت کے سو دن پورے ہونے پر عمران خان کے خطاب میں کچھ ایسا نیا نظر نہیں آیا جس کی امید وہاں کے عوام ان سے کر رہے تھے ۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

عمران خان کی قیادت والی حکومت کے سو دن پورے ہو گئے ہیں اور ابھی تک عوام کو کچھ ایسا نظر نہیں آیا ہے جس کی وہ امید کر رہے تھے ۔ سو دن پورے ہونے پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں بدعنوانی کو ملک کا بڑا مدا بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے گزشتہ سو دنوں میں 26 ممالک کے ساتھ بدعنوانی کی لوٹی گئی رقم کی اطلاعات کے حوالے سے یاداشت ناموں پر دستخط کیے گئے ہیں ۔ ان میمو رینڈم آف انڈر اسٹینڈنگ کے مطابق ان ممالک میں پاکستانیوں کے 11 ارب ڈالر پڑے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سوئزرلینڈ کے ساتھ بھی ’ایم او یو‘ پر دستخط کر لئے گئے ہیں ۔

تحریک انصاف کی حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے خصوصی تقریب جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 22 سال اپوزیشن میں رہ کر خود کو بتانا پڑتا ہے کہ میں ہی وزیر اعظم ہوں۔ اُنھوں نے کہا کہ ’’انسان کے ہاتھ میں صرف کوشش ہوتی ہے۔ کامیابی اللہ کے ہاتھ میں ہے‘‘۔

عمران خان نے ایک مرتبہ پھر کرپشن کے خاتمہ کی بات کی اور کہا کہ کرپشن پر قابو پانے تک ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ نیب ایک آزاد ادارہ ہے۔ اس لیے جو نیب کرتا ہے اس کی ذمہ دار حکومت نہیں ہے۔ تاہم، نیب کو اپنے نظام میں بہتری لانی چاہیے اور نیب سمیت سب کو تنقید برداشت کرنی چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ ’’پاکستان میں بڑے بڑے مگرمچھوں نے زمینوں پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے۔ تاہم، پنجاب سے 88 ہزار ایکڑ اراضی قبضہ مافیا سے واپس لےلی ہے اور قبضہ مافیا سے سی ڈی اے کی ساڑھے 3 سو ارب روپے کی اراضی واگزار کرائی گئی ہے جب کہ تجاوزات کے خلاف ملک گیر مہم جاری ہے‘‘۔

امید کی جارہی تھی کہ عمران خان اپنی حکومت کے 100 دنوں میں دیے گئے پروگرام کے حوالے سے بات کریں گے اور اپنی کامیابیاں گنوائیں گے لیکن بہت سے ایسے معاملات جن پر پہلے بہت زور دیا گیا تھا، اس تقریر میں ندارد تھے۔خارجہ پالیسی کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا اور کرتار پور راہداری، سعودی پیکج، چین سے معاشی مدد اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ پیکج کو اپنی کامیابی بتایا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے عمران خان کے اس خطاب کے تعلق سے کہا کہ وزیر اعظم کا حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر خطاب غیرمتاثر کن تھا۔ ’’سو دن حکومت میں رہنے کے بعد بھی عمران خان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں تھا۔ نئے پاکستان کا خواب دکھانے والے نے سو دنوں میں سفید پوش طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی اور عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا گیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Nov 2018, 11:08 AM