غیر قانونی تارکین وطن اس طرح ہتھکڑی اور زنجیروں سے جکڑے جاتے ہیں، وہائٹ ہاؤس نے جاری کی ویڈیو
وہائٹ ہاؤس کے آفیشیل صفحہ پر پوسٹ کیے گئے 41 سیکنڈ کے ویڈیو میں ایک شخص کو امریکی افسر ہتھکڑی لگاتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ ایئر پورٹ پر ہتھکڑیاں اور زنجیریں بھی رکھی پڑی ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ غیر قانونی تارکین وطن کو لے کر کافی سخت رخ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ وہ لگاتار ہندوستان سمیت کئی ممالک کے غیر قانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیج رہے ہیں۔ ابھی تک غیر قانونی طور پر رہ رہے ہندوستانیوں کو 3 طیارے سے بھیجا جا چکا ہے۔ اس دوران ہاتھوں میں ہتھکڑی اور پیروں میں زنجیر سے بندھے ہندوستانیوں کی تصویریں اور ویڈیو سامنے آنے کے بعد کافی ہنگامہ بھی ہوا۔ اب وہائٹ ہاؤس نے ہتھکڑیوں میں بندھے غیر قانونی تارکین وطن کی ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے۔
وہائٹ ہاؤس کے آفیشیل صفحہ پر پوسٹ کیے گئے ایک 41 سیکنڈ کے اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈِپورٹ کیے جانے والے تارکین وطن کو تیار کیا جا رہا ہے۔ ڈپورٹ کیے جانے والے ایک تارکین کو تیار کرتے ہوئے پولیس افسر کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں ہے کہ افسر شخص کو ہتھکڑیاں لگا رہا ہے۔ ایئر پورٹ پر ہتھکڑیاں اور زنجیریں بھی رکھی ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔
اس ویڈیو میں حالانکہ ڈپورٹ کیے جانے والے شخص کا چہرہ نہیں دکھایا گیا ہے لیکن اس کے ہاتھوں اور پیروں میں بیڑیاں لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک دیگر کلپ میں ایک شخص طیارے میں چڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس کے پیروں میں بیڑیاں بندھی ہوئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو لے کر امریکہ کا پہلا فوجی طیارہ 5 فروری کو ہندوستان پہنچا تھا۔ امریکی سی-147 طیارے سے آئے پہلے قافلے میں 104 ہندوستانی سوار تھے۔ یہ طیارہ امرتسر ہوائی اڈے پر اُترا۔ 104 لوگوں میں 79 مرد اور 25 خواتین شامل تھیں۔وہیں دوسرا طیارہ 15 فروری کو دیر رات امرتسر ہوائی اڈے پر اترا تھا۔ اس میں 120 غیر قانونی تارکین تھے۔ جس میں 60 سے زیادہ پنجاب اور 30 سے زیادہ ہریانہ کے تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ امریکہ سے ڈپورٹ کیے گئے ہندوستانیوں کو میکسیکو-امریکہ سرحد سے پکڑا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ یہ لوگ ڈنکی روٹ کے ذریعہ امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔