’ہر ماہ رکوائی ایک جنگ، اب پاکستان-افغانستان تنازعہ جلد حل کر دوں گا‘، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا دعویٰ
ٹرمپ نے کہا کہ ’’میری حکومت نے صرف 8 ماہ کی مدت کار میں 8 جنگیں ختم کی ہیں۔ ہم ہر ماہ ایک جنگ ختم کر رہے ہیں۔ اب صرف پاکستان-افغانستان تنازعہ باقی ہے، اسے بھی بہت جلد ختم کر دوں گا۔‘‘

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار (26 اکتوبر) کو دعویٰ کیا ہے کہ وہ بہت جلد پاکستان-افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ملیشیا میں منعقد کمبوڈیا-تھائی لینڈ امن معاہدہ کے دستخط پروگرام کے دوران کہی۔ ٹرمپ نے کہا کہ ’’جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ میری حکومت نے صرف 8 ماہ کی مدت کار میں 8 جنگیں ختم کی ہیں۔ ہم ہر ماہ ایک جنگ ختم کر رہے ہیں۔ اب صرف ایک باقی ہے، پاکستان-افغانستان تنازعہ، لیکن میں اسے بھی بہت جلد ختم کر دوں گا۔‘‘
ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حال ہی میں جھڑپیں ہوئی ہیں، لیکن دونوں ممالک کے لیڈران کو جانتے ہیں اور بھروسہ ہے کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ان کی انتظامیہ نے جو کیا، ویسا کوئی امریکی صدر آج تک نہیں کر سکا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بقیہ صدر جنگ شروع کرتے ہیں، ہم انہیں ختم کرتے ہیں، یہی فرق ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ’ڈیورنڈ لائن‘ پر جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے، یہ 2611 کلومیٹر طویل سرحد برطانوی حکومت کے وقت طے کی گئی تھی، جسے افغانستان نے کبھی باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان نے حال ہی میں افغانستان کے اندر کئی دہشت گرد ٹھکانوں پر ڈرون اور فائٹر جیٹس سے حملے کیے، جبکہ طالبان جنگجوؤں نے کئی چوکیوں پر قبضہ کر لیا۔
کمبوڈیا-تھائی لینڈ کے درمیان تاریخی امن معاہدہ پر دستخط کی تقریب کے دوران ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’’ہم نے وہ کر دکھایا جو لوگ کہتے تھے کہ ناممکن ہے۔ اس ایک سمجھوتہ سے ہی لاکھوں لوگوں کی جان بچی ہے۔ یہ جنوب مشرقی ایشیا کے لوگوں کے لیے تاریخی دن ہے۔‘‘ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کے جرأت مندانہ اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ امریکہ نے اس معاہدہ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
امریکی صدر کہتے ہیں کہ رواں سال کی شروعات میں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان سرحد پر جھڑپیں ہوئی تھیں، لیکن امریکہ کی مداخلت کے بعد جھڑپ رک گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس وقت اسکاٹ لینڈ میں تھا اور پورے دن فون پر دونوں لیڈران سے بات کی۔ یہ ناقابل یقین تھا کہ سب کچھ کتنا جلدی حل ہو گیا۔ امن معاہدہ کے ساتھ ہی ٹرمپ نے یہ بھی اعلان کیا کہ امریکہ نے کمبوڈیا کے ساتھ تجارتی معاہدہ اور تھائی لینڈ کے ساتھ معدنیات کا ایک ہم معاہدہ کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ امریکہ دونوں ممالک کے ساتھ تب تک مضبوط تجارتی تعلقات قائم رکھے گا، جب تک وہ امن برقرار رکھیں گے۔