کس طرح ہوتا ہے پوپ کا انتخاب؟ کس عمر کے لوگ ہوتے ہیں اہل؟ کیا ہوتا ہے ووٹنگ کا طریقۂ کار؟
ویٹیکن میں نئے پوپ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک کسی کارڈینل کو 2 تہائی ووٹ نہ حاصل ہو جائے۔

پوپ فرانسیس
طویل عرصے سے گردے کے مرض میں مبتلا 88 سالہ پوپ فرانسیس کا انتقال ہو چکا ہے۔ ویٹیکن نے ایک ویڈیو پیغام میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما پوپ فرانسس انتقال کر گئے۔ ایسے میں لوگوں کے ذہن میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ اب نیا پوپ کون بنے گا؟ ان کا انتخاب کس طرح ہوتا ہے؟ وہ کون سے اصول و قواعد ہیں جن کے تحت یہ انتخابی عمل انجام پاتا ہے؟ ذیل میں اس حوالے سے کچھ اہم اور ضروری معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
پوپ کے انتخابی قوانین کے تحت 80 سال سے کم عمر کے صرف 115 کارڈینل ہی نئے پوپ کے انتخاب کے لیے ووٹ دے سکتے ہیں۔ یہ انتخاب ویٹیکن سٹی کے سسٹین چیپل میں ہوتا ہے۔ پوپ صرف مرد ہی بن سکتے ہیں، اس کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔ پوپ کے لیے ووٹنگ کا عمل اس وقت تک چلتا رہتا ہے جب تک کسی کارڈینل کو 2 تہائی ووٹ نہ حاصل ہو جائے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ پہلے دن کی ووٹنگ میں ہی ویٹیکن کو نیا پوپ مل جائے۔ پوپ کا انتخاب خفیہ طریقے سے بیلٹ پیپر کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔
انتخاب کے لیے تین تین کارڈینلز کے 3 گروپ بنائے جاتے ہیں۔ اسکروٹنیرس کا پہلا گروپ بیلٹ پیپرز کی گنتی کرتا ہے۔ ریوائزر کا دوسرا گروپ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرتا ہے۔ انفرمری کا تیسرا گروپ دیگر کارڈینلز سے بیلٹ جمع کرتا ہے۔ ہر کارڈینل دن میں چار بار ووٹ ڈالتا ہے۔ اسکروٹنیر بیلٹ شمار کر کے دوسری پلیٹ میں رکھتا ہے۔ ساتھ ہی اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تمام کارڈینلز نے ووٹ دیا ہے۔ ہر بیلٹ سے ایک اسکروٹنیر نام لکھ کر دوسرے کو دیتا ہے، دوسرا بھی ایسا ہی کرتا ہے۔ اس کے بعد پھر تیسرا اسکروٹنیر ہر کارڈینل کے نام کو کنکلیو میں بولتا ہے۔ یہ انتخابی عمل دو تہائی ووٹ ملنے تک جاری رہتی ہے۔
ووٹنگ کے ہر مرحلے کے بعد بیلٹ پیپرز کو ایک خاص کیمیکل ڈال کر جلا دیا جاتا ہے، جس سے کالا یا سفید دھواں چمنی سے باہر نکلتا ہے۔ چمنی سے کالا دھواں نکلنے کا مطلب ہے کہ انتخابی عمل جاری ہے۔ پوپ کے انتخاب کے بعد بیلٹ پیپرز کو دوسرے خاص کیمیکل سے جلا دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے چمنی سے سفید دھواں نکلتا ہے۔ پوپ کے انتخاب کے بعد کارڈینل اپنے لیے ایک نیا نام منتخب کرتا ہے۔ اس کے بعد ’نئے پوپ مل گئے‘ کا اعلان ہوتا ہے اور پھر نئے پوپ پہلے سے طے شدہ کپڑوں میں ملبوس ہو کر باسیلیکا کی بالکونی میں آتے ہیں، جہاں ہزاروں لوگ بے تابی سے ان کی پہلی جھلک دیکھنے کے منتظر ہوتے ہیں۔ وہ پوری دنیا میں بسنے والے لاکھوں کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی رہنما ہوتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔