جاپان میں خوفناک حادثہ، ایکسپریس وے پر ٹکرائیں 50 سے زائد گاڑیاں، خاتون کی موت، 26 سے زائد زخمی
برفیلی سڑک پر شدید پھسلن کے باعث گاڑیاں قابو سے باہر ہو کر یکے بعد دیگرے ٹکراتی رہیں، اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ واقعہ ایک بڑے چین حادثے میں بدل گیا، جس میں 50 سے زائد گاڑیاں شامل ہو گئیں

جاپان میں سال کے آخری ایام اور نئے سال کی تعطیلات کے آغاز کے دوران ایک خوفناک سڑک حادثے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ جمعہ کی دیر رات برف سے ڈھکے ایکسپریس وے پر گاڑیوں کی لمبی لائن آپس میں ٹکرا گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ آگ کے شعلوں میں تبدیل ہوگیا جس میں ایک معمر خاتون کی موت ہوگئی اور دو درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے جن میں کچھ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ گنما علاقے کے میناکامی سٹی کے قریب ایکسپریس وے پر پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ سب سے پہلے دو بھاری ٹرک آپس میں ٹکرا گئے جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک جام ہو گیا اور پیچھے سے آنے والی گاڑیاں برفانی سطح پر بروقت بریک نہ لگا سکیں۔ برفیلی سطح پرپھسلن اتنی زیادہ تھی کہ گاڑیاں یکے بعد دیگرے آپس میں ٹکرا تی چلی گئیں اور کچھ ہی لمحوں میں یہ حادثہ ای بڑی چین حادثے میں تبدیل ہو گیا۔ صوبائی ہائی وے پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں 50 سے زائد گاڑیاں شامل تھیں۔
حادثے کے آخری مراحل میں صورتحال مزید خوفناک ہوگئی جب کئی گاڑیوں میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ تیزی سے پھیلی اور ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ پر قابو پانے میں تقریباً 7 گھنٹے لگے۔ کئی گاڑیاں مکمل طور پر ای کد دہک جل کر راکھ ہوگئیں، حالانکہ راحت کی بات یہ رہی کہ آگ لگنے سے کسی اور کی جان نہیں گئی۔
اس دوران پولیس نے اطلاع دی کہ اس حادثے میں ٹوکیو سے تعلق رکھنے والی 77 سالہ خاتون کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ 26 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ شدید زخمیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
جاپان کے پبلک براڈ کاسٹراین ایچ کے کے مطابق حادثے کے بعد ایکسپریس وے کو نیگاتا پریفیکچر میں یوزاوا انٹرچینج اور گنما پریفیکچر میں سوکیونو انٹرچینج کے درمیان دونوں سمتوں سے بند کر دیا گیا۔ سڑک پر بکھرے ملبے کو صاف کرنے، جلی ہوئی گاڑیوں کو ہٹانے اور تحقیقات مکمل ہونے تک ٹریفک بحال نہیں کیا جاسکا۔ حکام نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ یہ راستہ کب کھلے گا۔
حادثے میں پھنسے ایک 60 سالہ ٹرک ڈرائیور نے جاپانی اخبار ’دی مینیچی‘ کو بتایا کہ اسے اپنے سامنے والی کار سے بچنے کے لیے اچانک اسٹیئرنگ موڑنا پڑی جس کے باعث اس کا ٹرک ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا۔ اس نے بتایا کہ پیچھے سے لگاتار کئی زوردار ٹکر کی آوازیں سنیں اور برف کی وجہ سے وہ گاڑی کا کنٹرول کھو بیٹھا تھا۔ اس وقت اسے اپنی جان کا خوف تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔