روس، جاپان اور ہوائی میں سونامی کی تباہ کاریاں، بندرگاہوں کو نقصان، عمارتیں منہدم، لوگوں کی بڑے پیمانے پر منتقلی
روس اور جاپان کے ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ شمالی کُریل جزیرہ میں سیلاب سے کئی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ ہوائی میں 6 فٹ تک اونچی سونامی لہریں دیکھی گئی ہیں۔

روسی جزیرہ نما کامچاتکا کے قریب زلزلے کے بعد سونامی سے متاثر شہر کا فضائی منظر / Getty Images
روس کے کام چٹکا جزیرہ نما پر شدید زلزلہ نے تباہی کا منظر پیدا کر دیا ہے۔ زبردست سونامی کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ کئی ملکوں میں سونامی کی لہریں ساحلوں سے ٹکرا چکی ہیں۔ ماہرین کے مطابق سونامی کی یہ لہریں 4 میٹر تک ہو سکتی ہیں۔ سونامی لہریں پہلے ہی روس کے کُریل جزائر گروپ اور جاپان کے شمالی جزیرہ ہوکائیڈو کے کچھ حصوں تک پہنچ چکی ہیں۔ جاپان اور روس کے ساحلی علاقوں میں ان لہروں کے ٹکرانے سے شدید نقصان ہوا ہے۔
زلزلہ کے جھٹکوں کے فوراً بعد جاپان اور روس کے کئی حصوں میں سونامی کا الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔ جاپان کی قومی نشریاتی ایجنسی این ایچ کے نے وارننگ دی ہے کہ بڑی لہریں ابھی اور آ سکتی ہیں۔ جاپان کے محکمہ موسمیات (جے ایم اے) نے بتایا کہ شمالی اور مشرقی علاقوں میں خاص کر ہوکائیدو سے لے کر واکایاما (اوساکا کے قریب) تک تین میٹر تک اونچی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔
جاپان کی بی این او نیوز کے مطابق جاپان کے ساحل پر چار وہیل بہہ کر آ گئیِ جس سے سمندری زندگی پر اثر پڑا ہے۔ رائٹرس کے مطابق کچھ مقامات پر سونامی کی لہریں 4 میٹر تک اونچی تھیں، جس سے بندر گاہوں اور ساحلی علاقوں کی عمارتوں کو نقصان ہوا ہے۔ سوشل میڈیا میں وائرل ہو رہے ویڈیو میں روس کے ساحلی علاقوں میں عمارتوں کو زیر آب دیکھا گیا۔
زلزلہ کے بعد روس کے شمالی کُریل جزیرہ میں سیلاب آ گیا ہے، جس سے کئی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ علاقے میں رہنے والے سبھی لوگوں کو محفوظ طور پر نکال لیا گیا ہے۔ یہاں 15 فٹ تک اونچی سونامی لہریں دیکھی گئی ہیں۔ کُریل کے میئر الیکژنڈر اوسیانیکوف نے افسروں کے ساتھ ایمرجنسی میٹنگ کرنے اور ریسکیو آپریشن چلانے کا حکم دیا ہے۔
روس اور جاپان دونوں ہی ملکوں کے ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ کام چاٹکا کے گورنر ولادیمیر سولودوف نے ویڈیو پیغام میں بتایا، ’’آج کا زلزلہ دہائیوں میں سب سے طاقتور تھا۔‘‘
روس میں آئے زلزلہ کے بعد سونامی کی لہروں کا اثر اب ہوائی جزیرہ گروپ پر جلد ہی دکھنے والا ہے۔ ہوائی کے گورنر جاش گرین نے بتایا کہ مڈوے ایٹول سے حاصل شدہ ڈاٹا کے مطابق سونامی کی لہریں چوٹی سے نیچے تک 6 فٹ (1.8 میٹر) پیمائش کی گئی ہیں۔ گرین نے ایک پریس کانفرنس میں صاف کیا کہ ہوائی سے ٹکرانے والی لہریں اس سے بڑی یا چھوٹی بھی ہو سکتی ہیں اور اس سائز کی سونامی کاروں کو ہلا سکتی ہیں اور باڑ کو بھی اڑا سکتی ہیں۔ لوگوں کو چوکس رہنے اور سبھی ہدایت پر عمل کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یو ایس جیولاجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق روس میں آیا زلزلہ اب تک درج کیے گئے چھ سب سے بڑے زلزلوں میں سے ایک ہے۔ اس کا مرکز روس کے پیترو پاؤلوسک کامچاتسکی شہر سے تقریباً 125 کلومیٹر مشرق-جنوب مشرق اور سمندر کی سطح سے 19 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔