ٹرمپ حکومت کی جانب سے فلسطین حامی مظاہروں پر کارروائی، ہارورڈ کا قانونی جواب

ہارورڈ یونیورسٹی نے ٹرمپ حکومت کی جانب سے 2.2 بلین ڈالر کی فنڈنگ روکے جانے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے مقدمہ دائر کر دیا۔ معاملہ فلسطین حامی مظاہروں سے جڑا ہے

<div class="paragraphs"><p>ڈونلڈ ٹرمپ، ہارورڈ یونیورسٹی</p></div>

ڈونلڈ ٹرمپ، ہارورڈ یونیورسٹی

user

قومی آواز بیورو

امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ہارورڈ یونیورسٹی کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ ٹرمپ حکومت نے ہارورڈ کو دی جانے والی 2.2 بلین ڈالر کی فنڈنگ روک دی ہے، جس کے ردعمل میں یونیورسٹی نے صدر ٹرمپ کی حکومت کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

معروف مالیاتی جریدے ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ حکومت نے ہارورڈ یونیورسٹی کی صحت سے متعلق تحقیقی فنڈنگ کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے قبل بھی ٹرمپ انتظامیہ کئی موقر تعلیمی اداروں کی مالی امداد روک چکی ہے، تاہم اس بار معاملہ زیادہ سنگین ہو گیا ہے۔

اصل تنازع کی جڑ ہارورڈ سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں ہونے والے فلسطین حامی مظاہرے ہیں، جن پر روک نہ لگانے پر حکومت ناراض ہے۔ اطلاعات کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے کولمبیا یونیورسٹی سمیت دیگر اداروں کی فنڈنگ بھی معطل کر دی ہے۔


حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ مظاہرے اسرائیل مخالف اور بعض صورتوں میں یہود مخالف جذبات کو فروغ دے رہے ہیں۔ حکومت کا الزام ہے کہ یونیورسٹیاں ان جذبات کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ‘ پر لکھا کہ ہارورڈ اب مطالعہ کے لیے موزوں جگہ نہیں رہا اور وہ اب دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شمار نہیں کیا جا سکتا۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر کا کہنا ہے کہ حکومت نے یونیورسٹی کے خلاف متعدد تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ گاربر کے مطابق یونیورسٹی کی علمی آزادی کو محفوظ رکھنا ان کی ترجیح ہے، اور اسی بنیاد پر انہوں نے حکومت کی شرائط ماننے سے انکار کیا ہے۔

ٹرمپ حکومت چاہتی ہے کہ ہارورڈ اپنے داخلے اور تدریسی عملے کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی کرے اور ساتھ ہی یونیورسٹی کی سیاسی سرگرمیوں پر حکومتی نگرانی تسلیم کرے۔


ہارورڈ دنیا کی ممتاز ترین تعلیمی اداروں میں شمار ہوتی ہے۔ اس کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق 2024-2025 تعلیمی سال میں یونیورسٹی میں کل طلبہ کا 27.2 فیصد بین الاقوامی طلبہ پر مشتمل ہے۔

یہ تنازع اس وقت اور بھی سنگین ہو گیا جب حکومت نے ایک ارب ڈالر کی مزید فنڈنگ روکنے کی دھمکی دی۔ ماہرین تعلیم اس صورتحال کو تعلیمی اداروں کی خودمختاری کے لیے بڑا خطرہ قرار دے رہے ہیں، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ امریکی عدلیہ میں طویل قانونی جنگ کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔