عالمی برادری ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی: گوٹریس

یوروپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے امریکی کارروائی کو خطہ کے لئے خطرہ قرار دیا وہیں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل گوٹریس نے کہا کہ دنیا ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نیویارک: القدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکہ-ایران کشیدگی پر عالمی برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس ضمن میں یوروپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے جہاں امریکی کارروائی کو خطہ کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا وہیں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس کا کہنا تھا کہ دنیا ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ، یوروپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امریکی اقدام کو خطہ کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا جس سے خطہ میں جارحیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ عالمی رہنماؤں نے فریقین سے تحمل برتنے اور پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔


یوروپی یونین کے صدر نے عراق میں گزشتہ کچھ ہفتوں سے جاری اشتعال انگیزی اور انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی ہر صورت میں کم ہونی چاہیے۔ جرمن وزارت خارجہ نے ٹوئٹ کی کہ وزیر خارجہ صورتحال پر برطانیہ اور فرانس سے رابطہ میں ہیں اور معاملات سلجھانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

اسی طرح ترک وزارت خارجہ نے امریکی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سلیمانی کے قتل سے خطہ میں جاری تناؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دنیا ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، روس اور چین نے بھی امریکی اقدام پر شدید نکتہ چینی کی ہے جب کہ شام، لبنان اور عراق بھی امریکہ کو تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔