جی-7 وزرائے خارجہ کی اسرائیل سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اپیل

جی 7 وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور جنگ سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ غزہ کی صورتحال پر شدید تشویش ظاہر کی گئی

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

فیوگی: جی 7 (گروپ آف سیون) ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک اجلاس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے فرائض کی پاسداری کرے۔ وزراء نے بیان میں کہا کہ وہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کے مکمل نفاذ کی حمایت کرتے ہیں۔

یہ دو روزہ اجلاس روم کے جنوب مشرقی علاقوں فیوگی اور اناگنی میں منعقد ہوا۔ جی 7 میں کینیڈا، امریکہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، برطانیہ، اور جاپان شامل ہیں۔

خبر رساں ایجنسی مطابق، وزراء نے غزہ میں انسانی صورتحال پر اپنی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے اسرائیلی حکومت سے اپیل کی کہ وہ جنگ سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو کم کرے۔ وزراء نے کہا کہ ’’اسرائیل کو ہر حال میں بین الاقوامی انسانی قانون سمیت اپنے تمام فرائض پورے کرنے چاہئیں۔‘‘


میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق 4 بجے (جی ایم ٹی 02:00 / ہندوستانی وقت صبح 7:30) سے نافذ ہو گئی۔

اس سے پہلے، منگل کو امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کے بعد لبنانی فوج دوبارہ اپنے علاقوں کا کنٹرول سنبھالے گی۔ صدر بائیڈن نے کہا، "آئندہ 60 دنوں میں، اسرائیل بتدریج اپنی فوج اور شہریوں کو واپس بلائے گا۔ دونوں طرف کے شہری جلد ہی اپنے گھروں کو لوٹ سکیں گے اور تعمیر نو کا عمل شروع کریں گے۔"

صدر بائیڈن نے مزید کہا، ’’اس معاہدے کا مقصد دشمنی کو مستقل طور پر ختم کرنا ہے۔‘‘ امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر حزب اللہ یا کوئی اور گروپ اس معاہدے کو توڑ کر اسرائیل کے لیے براہ راست خطرہ پیدا کرتا ہے تو اسرائیل کا اپنے دفاع کا حق برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو دوبارہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔