کورونا: جی-20 زرعی مصنوعات، ادویات اور طبی آلات کی فراہمی کے لئے پرعزم

جی-20 ممالک کی میٹنگ میں وبا سے نمٹنے کی تیاریوں اور اقدامات میں تال میل اور ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔ وزرا نے کہا کہ وبا سے نمٹنے کے لئے ہر مرحلہ پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دنیا کی ٹاپ 20 بہترین معیشت والے ممالک کی تنظیم جی -20 نے کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے اثرات کے دوران زرعی مصنوعات، ادویات اور طبی آلات کی فراہمی کے عزائم کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی کامرس اینڈ انڈسٹری کی وزارت نے منگل کو یہاں بتایا کہ 25 مارچ کو ہونے والی اس میٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی مرکزی کامرس اینڈ انڈسٹری وزیر پیوش گوئل نے کی۔ کورونا وائرس سے نمٹنے پر مرکوز یہ میٹنگ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کی گئی۔

میٹنگ میں کورونا وائرس سے پیدا صورت حال سے نمٹنے کے لئے زرعی مصنوعات، طبی سازوسامان اور ادویات کی فراہمی پر اتفاق کیا گیا۔ تمام ممالک کے وزرا نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران اور اس کے بعد معیشت کی مضبوطی کو برقرار رکھنے کے عزائم کا اظہار کیا۔ میٹنگ کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کورونا وائرس انسانیت کے لئے ایک بڑا بحران ہے اس کا سامنا کرنے کے لئے تمام ممالک کو متحد ہو جانا چاہیے۔


میٹنگ میں وبا سے نمٹنے کی تیاریوں اور اقدامات میں تال میل اور ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔ وزرا نے کہا کہ وبا سے نمٹنے کے لئے ہر مرحلہ پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ تمام ممالک کے درمیان ضروری زرعی مصنوعات، اشیائے ضروریہ، ادویات اور طبی سامان کی سپلائی کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حالات کو دیکھتے ہوئے ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں اور ان کے لئے موزوں فیصلے لئے جا رہے ہیں۔

بیان کے مطابق جی -20 ممالک کے تمام وزرا نے ضروری ادویات اور طبی آلات کی دستیابی اور سستی قیمت برقرار رکھنے کی بات پر اتفاق کیا۔ انہوں نے منافع اور ذخیرہ اندوزی روکنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت کے مطابق تمام ممالک کے شہریوں کے لئے اس کی مصنوعات فراہم کی جائیں گی۔


افریقی ممالک اور دوسرے چھوٹے ملکوں کا ذکر کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے کاروباری اور متعلقہ صنعت کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ ان کو ترجیحات کی بنیاد پر مالی مدد اور دیگر تعاون دیا جائے گا۔ عالمی تجارتی تنظیم کے نوٹیفکیشن میں شفافیت بڑھانے کی بات کہی گئی ہے۔ تمام ممالک غیر ضروری تجارتی رکاوٹوں سے بچیں گے اور تحفظاتی طریق کار نہیں اپنائیں گے۔ عالمی تجارتی تنظیم عالمی پیمانہ پر سپلائی برقرار رکھنے کے تمام اقدامات کرے گی۔

وزرا نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے مؤثر اقدامات کے لئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کوشش کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آزاد، منصفانہ اور تعصب سے پاک تجارتی سسٹم برقرار رہنا چاہیے۔ وبا سے نمٹنے کے لئے اشیاء کی رکاوٹ سے پاک ٹریفک کے ساتھ ساتھ انسانی وسائل مثلاً ڈاکٹر، طبی اہلکار اور ماہرین کو بھی ترجیح ملنی چاہیے۔


وزرا نے کورونا وائرس کے اثرات کا گہرائی سے تجزیہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کو اس سلسلہ میں غیر جانبداری برقرار رکھنی چاہیے۔ وزرا نے اس موقع پر ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔