بنگلہ دیش میں 6 روز کے دوران بڑے پیمانے پر تشدد، 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی
بنگلہ دیش میں 14 سے 19 نومبر کے دوران 12 اضلاع میں تشدد، آتش زنی اور بم دھماکوں کے واقعات میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ 72 گرامین بینک شاخیں بھی نشانہ بنیں

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں گزشتہ چھ روز کے دوران بڑے پیمانے پر تشدد، آتش زنی، دیسی بم دھماکوں، توڑ پھوڑ، سڑکوں کی ناکہ بندی اور جھڑپوں کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ان واقعات میں کم از کم چار افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ 14 سے 19 نومبر کے درمیان ملک کے کم از کم 12 اضلاع میں تشدد کے دوران پولیس اسٹیشنوں، سیاسی رہنماؤں کے گھروں، سرکاری دفاتر، گاڑیوں، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے اور مالیاتی و تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔
بنگلہ دیش کے روزنامہ ’دی بزنس اسٹینڈرڈ‘ کی رپورٹ کے مطابق، ملک میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورت حال کے درمیان کئی اضلاع میں عوامی لیگ کے رہنماؤں اور پارٹی سے وابستہ افراد کے گھروں پر حملے کیے گئے۔ ان گھروں میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے بعد انہیں آگ لگا دی گئی۔
18 نومبر کو ڈھاکہ کے شمالی علاقے ابراہیم پور میں ’سوچھاسیوک لیگ‘ کے صدر غازی مصباح الحسن ساچو کے گھر پر حملہ کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ 20 سے 25 افراد پر مشتمل ایک گروپ گھر میں داخل ہوا، توڑ پھوڑ کی اور گیراج میں کھڑی موٹر سائیکل کے علاوہ صوفے کو بھی آگ لگا دی۔
اسی رات تقریباً 9 بجے دارالحکومت کے میرپور علاقے میں ’جوبو لیگ‘ کے جنرل سکریٹری مینول حسین خان نخیل کے گھر پر حملہ کیا گیا۔ حملہ آوروں نے وہاں توڑ پھوڑ کے بعد گھر کو آگ لگا دی۔ الزام ہے کہ ان حملوں میں حکمراں بی این پی کی طلبہ تنظیم ’چھاتر دل‘ کے کارکنان شامل تھے۔
اس کے علاوہ بدھ کے روز راجشاہی ضلع کے باگھا اپ ضلع میں شرپسندوں نے سابق وزیر مملکت شہر یار عالم کے چار منزلہ مکان کی چہار دیواری پھلانگ کر اندر پیٹرول چھڑکا اور اسے آگ کے حوالے کر دیا۔
باریسال ضلع میں سابق وزیر جہانگیر کبیر نانک اور ریٹائرڈ میجر جنرل ضیاء الحق احسن کے گھروں میں بھی توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی گئی۔ اسی طرح پٹواکھالی ضلع میں بدھ اور جمعرات کے درمیان حملہ آوروں نے عوامی لیگ اور اس سے وابستہ تنظیموں کے رہنماؤں کے کم از کم سات گھروں کو آگ لگا دی۔ ان میں سابق رکن پارلیمنٹ شاہجہاں میاں کا مکان بھی شامل ہے۔
جمعرات کی علی الصبح سوناگازی میں فینی-3 کے سابق رکن پارلیمنٹ حاجی رحیم اللہ کے آبائی مکان میں لوٹ مار کے بعد آگ لگا دی گئی، جبکہ کومیلا میں سابق رکن پارلیمنٹ اے کے ایم بہاؤالدین بہار کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ پولیس ہیڈکوارٹر نے جمعرات کو بتایا کہ 7 سے 18 نومبر کے درمیان ملک میں پھیلے تشدد کے دوران 74 گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی، جبکہ 78 مقامات پر دیسی بم دھماکے ہوئے۔
’ڈھاکہ ٹریبیون‘ کی رپورٹ کے مطابق، ان 12 دنوں کے دوران پولیس کے ٹھکانوں اور گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، پولیس کے تین ٹھکانوں میں آتش زنی اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے، جبکہ پولیس کی 18 گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ اس کے علاوہ پولیس کے دو ٹھکانوں پر دیسی بم دھماکے ہوئے، جن میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔
بڑھتے ہوئے تشدد سے ملک کے مالیاتی اداروں کا کام کاج بھی متاثر ہوا ہے۔ جمعرات کو بنگلہ دیش کے گرامین بینک نے بتایا کہ 10 نومبر سے اب تک اس کی 72 شاخوں کو آتش زنی یا آگ لگانے کی کوششوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں بینک کے ہزاروں ارکان کے لیے قرض کی سہولتیں اور مالی مواقع متاثر ہوئے ہیں۔
بینک نے ایک پریس ریلیز میں ان واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آتش زنی کے دوران فرنیچر، کمپیوٹر، اہم دستاویزات اور سی سی ٹی وی آلات کو نقصان پہنچا ہے۔ بعض شاخیں تقریباً مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی ہیں۔
سیاسی رہنماؤں کے گھروں، پولیس کے ٹھکانوں، عوامی بنیادی ڈھانچے اور مالیاتی اداروں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کے واقعات بنگلہ دیش میں گہرے ہوتے ہوئے سکیورٹی بحران کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ناقدین نے امن و امان برقرار رکھنے کی انتظامیہ کی صلاحیت پر بھی سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
