اسپین کے جنگل میں آتشزدگی، 500 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا

سرکاری ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ جنوب مغربی ہسپانوی علاقے ایکسٹریمادرا میں آگ سے اب تک 8500 ہیکٹرمیں پھیلا جنگل جل کر خاک ہوگیا ہے۔

آگ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
آگ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

میڈرڈ: اسپین کے جنگلات میں لگی آگ کی وجہ سے تقریباً 500 لوگوں کو ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ جنوب مغربی ہسپانوی علاقے ایکسٹریمادرا میں آگ سے اب تک 8500 ہیکٹرمیں پھیلا جنگل جل کر خاک ہوگیا ہے۔ اسپین کی ماحولیاتی منتقلی کی وزارت نے تصدیق کی ہے کہ 250 علاقائی فائر فائٹرز اور ہسپانوی فوج کے ایمرجنسی رسپانس یونٹ کے 165 ارکان، 10 ارتھ موورز، چھ طیارے، آٹھ ہیلی کاپٹر اور 23 گاڑیوں کے ساتھ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایکسٹریمادرا کے ’لاس ہرڈس‘ علاقے میں بدھ کی رات آگ لگ گئی۔ اس سے پہلے یہاں جولائی 2022 میں جنگل میں لگی آگ نے 5000 ہیکٹر رقبے پر پھیلے جنگل کو تباہ کر دیا تھا۔ تیز ہواؤں اور خشک حالات کی وجہ سے آگ بے قابو ہو چکی ہے۔ کیڈالو، ڈیسکاباماریا، روبیلڈو ڈی گاٹا اورٹوریسلا ڈی لاس اینجلس اور اوزویلا گاووں کے کچھ علاقوں کو احتیاط کے طورپر خالی کرا لیا گیا ہے اور تین اہم شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے۔


یورپی فاریسٹ فائر انفارمیشن سسٹم (آئی ایف ایف آئی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں اسپین میں جنگل کی آگ سے لگ بھگ 66,000 ہیکٹر اراضی میں پھیلے جنگل متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 2022 میں تقریباً 310000 ہیکٹر جنگل تباہ ہوگئے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ ہسپانوی حکومت نے حال ہی میں جاری خشک سالی سے نمٹنے میں مدد کے لیے 2.2 ارب یورو (2.38 بلین امریکی ڈالر) کے پیکیج کی منظوری دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔