قطری وزیر خارجہ کی ایرانی صدر سے ملاقات، قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر اظہارِ تعزیت

قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے تہران میں ایرانی صدر روحانی سے ہفتے کے روز ملاقات کی ہے اور کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکا کے فضائی حملے میں ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی سے ہفتے کے روز ملاقات کی ہے اور ان سے سپاہِ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکا کے فضائی حملے میں ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کے مطابق مہمان وزیر خارجہ نے صدر حسن روحانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:’’ ایرانی عوام اور حکومت جس صورت حال سے دوچار ہوئے ہیں،قطر ان کے گہرے دکھ، درد اور افسوس کو سمجھتا ہے۔ہم ایرانی عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘


انھوں نے کہا:’’ جو کچھ ہوا ہے، ہم بالکل بھی اس کی توقع نہیں کرتے تھے یا اس طرح کا کبھی کوئی فیصلہ کیا جائے گا،اس طرح کے اقدامات کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ہمیں اس گہرا صدمہ پہنچا ہے اور تشویش لاحق ہے۔‘‘ محمد آل ثانی نے مزید کہا‘‘ قطر مشکل وقت میں ایران کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور ہم خود کو ایران کی طرف ہی سمجھتے ہیں۔ہم ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘‘

صدر حسن روحانی نے قطری وزیرخارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے اتحادیوں سے یہ توقع کرتا ہے کہ وہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت پرامریکا کی دوٹوک انداز میں مذمت کریں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ اسلامی جمہوریہ ایران نے کبھی ایسی کشیدگی کا آغاز نہیں کیا ہے جس سے علاقائی عدم استحکام کی راہ ہموار ہوتی ہو۔‘‘انھوں نے امریکا پر خطے میں کشیدگی کو بڑھاوا دینے کے لیے غیر ذمے دارانہ اقدامات کا الزام عاید کیا ہے۔


’’خطے کے ملکوں کو اس بات کا ادراک کرناچاہیے کہ جب تک امریکا خطے میں موجود ہے تو یہاں کبھی امن قائم نہیں ہوگا۔‘‘ ایرانی صدر کا کہنا تھا۔ حسن روحانی سے ملاقات سے قبل آل ثانی نے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات کی اور ان سے قاسم سلیمانی کی ہلاکت سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

قاسم سلیمانی جمعہ کو علی الصباح امریکا کے ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔امریکی فوج کو اس حملے کا حکم خود صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا تھا۔ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدہ دار نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتول قاسم سلیمانی مشرقِ اوسط میں امریکی اہلکاروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

دریں اثناء ابو ظبی کی شیخ زاید جامع مسجد کے خطیب واسم یوسف نے کہا ہے کہ امریکا کے جس ڈرون طیارے کے حملے میں قاسم سلیمانی ہلاک ہوئے ہیں،اس نے قطر میں واقع امریکا کے العدید ائیربیس سے اڑان بھری تھی۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔