امریکہ میں زبردست سیاسی طوفان کا اندیشہ، پوتن کے خفیہ دستاویزات نے بڑھائی ہلچل

روس کی خفیہ ایجنسی ’کے جی بی‘ سے منسلک دستاویزات میں مبینہ طور پر امریکہ کے سابق صدر جان ایف کینیڈی کے قتل سے جڑی نئی جانکاریاں موجود ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ٹرمپ اور پوتن کی فائل تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ایک طرف امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ’ٹیرف‘ کے نام پر پوری دنیا میں ہلچل مچا رکھی ہے، اور دوسری طرف خود امریکہ میں زبردست سیاسی طوفان کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے امریکہ کے سابق صدر جان ایف کینیڈی کے قتل سے جڑے کچھ خفیہ دستاویزات امریکی افسران کے حوالے کر دیے ہیں۔ تصور کیا جا رہا ہے کہ یہ فائلیں امریکہ کی سیاسی تاریخ کو جھنجھوڑ کر رکھ سکتی ہیں، کیونکہ ان میں روس مخالف لابی سے جڑے کئی بڑے نام شامل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب امریکی صدر ٹرمپ نے یوکرین کو ’ٹام ہاک میزائل‘ دینے کی بات کہی ہے۔ انھوں نے حال ہی میں روس سے متعلق کچھ سخت بیانات بھی دیے ہیں۔ اب پوتن کا یہ ’فائل بم‘ ٹرمپ کی سیاسی حکمت عملی کو جھٹکا دینے والا تصور کیا جا رہا ہے۔ روس کی خفیہ ایجنسی ’کے جی بی‘ سے منسلک ان دستاویزات میں مبینہ طور پر کینیڈی کے قتل سے جڑی نئی جانکاریاں موجود ہونے کا اندیشہ ہے۔ رپورٹس کے مطابق ان فائلوں میں قتل کے پیچھے کی بین الاقوامی سازش اور کچھ امریکی سیاسی چہروں کے کردار سے متعلق اشارے ملتے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ کینیڈی کا قتل امریکہ کی سیاست میں آج بھی سب سے حساس اور پراسرار ایشوز میں شمار کیا جاتا ہے۔ 1963 میں ٹیکسان کے ڈلاس میں گولی مار کر ان کا قتل کیا گیا تھا، لیکن اصل سازش کے دھاگے آج تک پوری طرح سلجھ نہیں پائے ہیں۔

بہرحال، امریکی رکن پارلیمنٹ اینا پالینا لونا نے سوشل میڈیا پر ایک اہم بیان جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’مجھے روس کے سفیر کی طرف سے جے ایف کے کی موت سے متعلق تیار رپورٹ کی ہارڈ کاپی مل گئی ہے۔ ایک ماہرین کی ٹیم صبح میرے دفتر پہنچے گی تاکہ دستاویزات کا ترجمہ اور تفصیلی تجزیہ کیا جا سکے۔‘‘۔ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’ہم جلد ہی انھیں اپلوڈ کریں گے۔ یہ تاریخی طور سے بہت اہم ہے۔‘‘ لونا نے روسی سفارتخانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کے ذریعہ کئی پرانے رازوں سے پردہ اٹھ سکتا ہے۔


واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ کینیڈی کی فائلوں کو پوری طرح منظر عام پر لائیں گے۔ حالانکہ بعد میں انھوں نے کئی فائلوں کو سامنے لانے کے مطالبہ کو نظر انداز کر دیا تھا۔ اب جبکہ روس سے نئی جانکاری سامنے آئی ہے، تو امریکہ میں سیاسی طوفان کی پوری امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ان فائلوں میں بڑے امریکی نام سامنے آتے ہیں تو یہ معاملہ ماحول کو پوری طرح بدل سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔