’یورپ کو اپنی مسلح افواج تیار کرنے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے‘، یوکرینی صدر زیلنسکی ’ناٹو‘ سے ناامید
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا کہ ’’چند روز قبل امن معاہدے کے حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ میری میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں انہوں نے ایک دفعہ بھی نہیں کہا امن معاہدے کے لیے انہیں یورپ کی ضرورت ہے۔‘‘

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا امریکی سربراہی والی فوجی تنظیم ’ناٹو‘ پر سے بھروسہ اٹھ گیا ہے۔ یورپی ممالک سے یورپ کی ایک نئی فوج بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس سلسلے میں تیزی کے ساتھ قدم بڑھائیں۔ روس کے ساتھ یوکرین کی لمبی چلتی لڑائی اس قدم کے لیے ایک مضبوط بنیاد اور وجہ ہے۔ یورپی لیڈران کو اپنی حفاظت کے لیے یہ قدم اٹھانا ہی ہوگا۔
میونخ سیکورٹی کانفرنس (ایم ایس سی) میں اپنی بات رکھتے ہوئے یوکرینی لیڈر نے کہا کہ یورپ کو اپنی فوج بنانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ کیونکہ ہم اس امکان سے انکار نہیں کر سکتے کہ اگر کبھی امریکہ کو اپنے اوپر کوئی بات آتے ہوئے دیکھتا ہے تو وہ یورپ کی مدد کرنے سے انکار بھی کر سکتا ہے۔ ہمارے کئی لیڈران اس پر بات کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سچ میں یقین ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ یورپ اپنے بارے میں سوچے اور اپنی مسلح افواج تیار کرے۔
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا کہ چند روز قبل امن معاہدے کے حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ میری میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں انہوں نے ایک دفعہ بھی نہیں کہا امن معاہدے کے لیے انہیں یورپ کی ضرورت ہے۔ یہ بات اپنے آپ میں کچھ کہتی ہے۔ اب پرانے دن ختم ہو چکے ہیں، جب امریکہ یورپ کی حمایت صرف اس لیے کرتا تھا کیونکہ وہ ہمیشہ سے کرتا آیا تھا۔ ہمیں اب اپنی سیکورٹی کا خیال خود رکھنا ہوگا۔
یوکرینی صدر نے اس حوالے سے مزید کہا کہ 3 سال سے جاری اس جنگ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے پاس اب پہلے سے زیادہ مضبوط یورپی فوجی طاقت کی بنیاد ہے۔ واضح ہو کہ زیلنسکی جب خطاب کر رہے تھے اس وقت وہاں پر ناٹو کے جنرل سیکرٹری مارک روٹے بھی موجود تھے۔ زیلنسکی نے ان کے سامنے کہا کہ میرا خیال اتحاد کو تبدیل کرنے کا نہیں ہے۔ میں بس اتنا کہہ رہا ہوں کہ یورپ کو بھی اتحاد میں امریکہ کے برابر آنا چاہیے اور ایک مسلح افواج تیار کرنی چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔