ایران کو عالمی مالیاتی نظام میں تنہا کرنے کی امریکی مہم میں یورپی یونین بھی شامل: اسکاٹ بیسنٹ
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ یورپی یونین ایران کو عالمی مالیاتی نظام میں تنہا کرنے کی امریکی مہم میں شامل ہو گیا ہے اور اس پر مزید اقتصادی دباؤ کی حمایت کی ہے

واشنگٹن، امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ یورپی یونین باضابطہ طور پر ایران کو عالمی اقتصادی نظام میں تنہا کرنے کی امریکی کوشش میں شامل ہو گیا ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے اس موقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
بیسنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا، ’’یورپی یونین باضابطہ طور پر آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ میں شامل ہو گیا ہے اور ہم اس کے مضبوط اور ابتدائی موقف کی قدر کرتے ہیں۔‘‘
امریکی وزیر خزانہ نے مزید کہا، ’’امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مضبوطی سے کھڑا ہے کہ ایرانی حکومت اپنے جوہری عزائم، ہتھیاروں کے پروگراموں اور دہشت گرد گروہوں کو مالی مدد فراہم کرنے کے لیے عالمی مالیاتی نظام کا غلط استعمال نہ کر سکے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دنیا ایرانی حکومت کو واضح پیغام دے رہی ہے اور ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک مالی معاونت کے باقی رہ جانے والے ہر ذریعے کو منقطع نہیں کر دیا جاتا۔
بیسنٹ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جی-20 کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنروں کی میٹنگ کے دوران یورپی یونین نے ایران پر اضافی اقتصادی دباؤ کی حمایت کی ہے۔
یورپی کمیشن نے دو روز قبل امریکی شہر ایَش وِل میں ہونے والی جی-20 مالیاتی اجلاس کے دوران ایک بیان جاری کیا تھا۔ اس میں ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کی کوششوں کی حمایت کی گئی تھی، جس میں امریکہ کی قیادت میں جاری اقتصادی دباؤ کی مہم کو مزید آگے بڑھانے کا امکان بھی شامل تھا۔
یورپی یونین کی جانب سے ایران پر مزید اقتصادی دباؤ کی حمایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اپنے اتحادیوں کو ایران کی مالی سرگرمیوں اور عالمی مالیاتی نظام تک اس کی رسائی محدود کرنے کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
