امیرِ کویت کی وزیرخارجہ صباح الخالد کو نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت

امیرِ کویت شیخ جابرالاحمد الصباح نے وزیر خارجہ صباح الخالد کو منگل کے روز وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

امیرِ کویت شیخ جابرالاحمد الصباح نے وزیر خارجہ صباح الخالد کو منگل کے روز وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔ ان کے پیش رو وزیراعظم شیخ جابرالمبارک الصباح نے مقامی میڈیا میں اپنی حکومت کے خلاف تنقید کے بعد نئی کابینہ تشکیل دینے سے معذرت کرلی تھی۔ انھوں نے گذشتہ جمعرات کو امیرِ کویت کو اپنی کابینہ کا استعفا پیش کردیا تھا۔

ان کی کابینہ نے مستعفی ہونے کا فیصلہ تعمیرات اور ورکس کی وزیر جینان رمضان سے پارلیمان میں پوچھ تاچھ کے بعد کیا تھا۔اس خاتون وزیر نے پارلیمان میں اپنے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔ پارلیمان کے بعض ارکان نے خاتون وزیر جینان رمضان پر الزام عاید کیا تھا کہ وہ 2018ءمیں سیلاب کی تباہ کاریوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکارہونے والے شہری ڈھانچے اور سڑکوں کی مرمت کرانے میں ناکام رہی ہیں۔


مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دس ارکان نے پارلیمان میں ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی تھی۔تاہم جینان رمضان نے اپنے خلاف اس تحریک کے بعد یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی وزارت ماضی سے ہی مسائل کا شکار ہے اور انھیں ان مسائل کا ذمے دار نہ ٹھہرایا جائے جو ان کے قلم دان سنبھالنے سے پہلے کے وزارت میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی کویت میں اسی انداز میں حکومتیں پارلیمان کے منتخب ارکان کے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں سوالات پر مستعفی ہوتی رہی ہیں۔اگر کسی وزیر یا عہدہ دار کے خلاف پارلیمان میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کردی جائے تو پھر پوری کابینہ ہی مستعفی ہو جاتی ہے۔ کویت میں آیندہ پارلیمانی انتخابات 2020ء کے اوائل میں متوقع ہیں۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔