روزہ کی حالت میں 279 ٹن وزنی ٹرین دانتوں سے کھینچ کر اشرف محمد نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس میں درج کرایا اپنا نام
مصر کے پہلوان اشرف محمد نے روزے کی حالت میں رسی کی مدد سے 279 ٹن وزنی ٹرین کو اپنے دانتوں سے 10 میٹر تک کھینچ کر ایک نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گنیز بک آف ورلڈ میں اپنا نام درج کرا لیا۔

مصری پہلوان اشرف محمد، تصویر سوشل میڈیا
عام طور پر روزے کی حالت میں انسان محنت کش کام کرنے سے گریز کرتا ہے۔ لیکن مصری پہلوان نے روزے کی حالت میں رسی کی مدد سے 279 ٹن وزنی ٹرین کو اپنے دانتوں سے 10 میٹر تک کھینچ کر ایک نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس میں اپنا نام درج کرا لیا۔ اس مصری پہلوان کا نام ہے اشرف محمد سلیمان جسے ’کبونگا‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ انہوں نے نہ صرف گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس میں اپنا نام درج کرایا بلکہ ایک ساتھ 3 ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیے۔
اشرف نے جو 3 ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں ان میں پہلا ہے صرف دانتوں کی مدد سے سب سے وزنی ٹرین کھینچنا۔ دوسرا ہے جسمانی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ٹرین کے سب سے وزنی انجن (لوکوموٹیو) کو کھینچنا، اور تیسرا ہے سب سے تیز 10 میٹر روڈ وہیکل کو کھینچنا۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ انہوں نے کوئی ریکارڈ بنایا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ کئی ریکارڈس اپنے نام کر چکے ہیں۔ انھوں نے 30 سیکنڈ میں 11 کچے انڈے کھانے کا ریکارڈ بھی بنایا ہوا ہے۔ علاوہ ازیں اپنی جسمانی طاقت کا ثبوت دیتے ہوئے 15730 کلو وزنی ٹرک بھی انھوں نے اپنے دانتوں سے کھینچا تھا۔
اشرف کے مذکورہ بالا حیرت انگیز کارناموں کا راز جاننے کے لیے لوگ کافی متجسس ہیں۔ حال ہی میں ’بی بی سی‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ایسے حیرت انگیز کارنامے کرنے کی طاقت انہیں اللہ کی جانب سے ملتی ہے۔ وہ صرف صحت مند رہنے کی کوشش کرتے ہیں، جس کے لیے اچھا کھانا انتہائی ضروری ہے۔ وہ سبزیاں گوشت اور پھل کھاتے ہیں، ساتھ ہی نمک، چینی اور سوڈے سے پرہیز کرتے ہیں۔ ٹریننگ کے بارے میں اشرف نے بتایا کہ وہ روز ٹریننگ کرتے ہیں، رمضان میں بھی ٹریننگ نہیں چھوڑتے ہیں۔ ماہ رمضان میں کسی بھی مقابلے میں جانے سے قبل وہ جِم جاتے ہیں اور 2 بجے سے 4 یا 5 بجے تک جم میں ہی رہ کر ٹریننگ کرتے ہیں، ساتھ ہی روزہ بھی نہیں چھوڑتے ہیں۔ جو لوگ رمضان کا بہانہ بنا کر چیزوں کو ملتوی کر دیتے ہیں، اس کے حوالے سے وہ کہتے ہیں کہ میں دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ رمضان کوئی رکاوٹ نہیں ہے، بلکہ طاقت اور صحت کا ذریعہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔