میانمار میں پھر زلزلے کے جھٹکوں سے پھیلا خوف و ہراس
میانمار میں پھر آئے زلزلے کے جھٹکوں سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تازہ جھٹکوں سے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ہندوستان ’آپریشن برہما‘ کے تحت امدادی سامان اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کر چکا ہے

میانمار میں زلزلہ / آئی اے این ایس
میانمار میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ منگل کو دو زلزلے آئے، جن میں پہلا زلزلہ ہندوستانی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 31 منٹ پر محسوس کیا گیا، جبکہ دوسرا جھٹکا رات 8 بج کر 57 منٹ پر آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلوں سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، مگر زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں لوگ خوفزدہ ہیں۔ ماہرین کے مطابق میانمار زلزلہ کے خطرے سے دوچار خطے میں واقع ہے اور یہاں وقتاً فوقتاً جھٹکے محسوس کیے جاتے ہیں۔ یہ زلزلے زیر زمین پلیٹوں کی حرکت کے سبب آتے ہیں۔
مقامی حکام نے زلزلے کی صورتحال پر قریبی نظر رکھی ہوئی ہے اور ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ ہندوستان نے میانمار میں زلزلے کے بعد امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے ’آپریشن برہما‘ کا آغاز کیا ہے۔ اس آپریشن کا مقصد سرچ اور ریسکیو (ایس اے آر)، انسانی امداد، آفتی بحالی، اور طبی امداد فراہم کرنا ہے۔
اب تک ہندوستان نے 6 ہوائی جہازوں اور 5 بحری جہازوں کے ذریعے 625 میٹرک ٹن امدادی سامان میانمار پہنچایا ہے۔ اس امداد میں خوراک، دوائیں، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں، جو متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام میں مددگار ثابت ہوں گی۔
میانمار کے عوام اس قدرتی آفت کے بعد مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن مقامی اور بین الاقوامی ادارے ان کی مدد کے لیے متحرک ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید آفٹر شاکس آ سکتے ہیں، جس کے پیش نظر عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔