زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرزی نیوزی لینڈ کی سرزمین، ریکٹر اسکیل پر شدت 6.9 ریکارڈ

نیوزی لینڈ کے دور افتادہ شمالی بحر الکاہل کے علاقے میں زلزلے کے زوردار جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تاہم جانی و مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔

زلزلہ، علامتی تصویر یو این آئی
زلزلہ، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ویلنگٹن: ترکیہ (ترکی) اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد کئی دیگر ممالک میں بھی مسلسل زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں۔ تازہ زلزلہ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر آیا، ایک مرتبہ پھر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے سبب لوگوں میں افراتفری مچ گئی۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابقیہ زلزلہ نیوزی لینڈ کے انتہائی شمال میں بحرالکاہل کے علاقے میں آیا اور فی الحال سونامی کا کوئی خطرہ نہیں بتایا گیا ہے۔ زلزلے سے جانی و مالی نقصان کی بھی کوئی خبر نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے جزیرہ کرماڈیک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر (ای ایم ایس سی) کے مطابق زلزلے کی شدت 6.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ کا مرکز 183 کلومیٹر (113.71 میل) کی گہرائی میں تھا۔ امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ نہیں ہے۔


اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی نیوزی لینڈ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ نیوزی لینڈ میں 15 فروری کی سہ پہر 6.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ زلزلے کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات دینے والی ایجنسی، ای ایم ایس سی نے بتایا تھا کہ زلزلے کے جھٹکے نیوزی لینڈ میں لوئر ہٹ سے تقریباً 78 کلومیٹر شمال مغرب میں محسوس کئے گئے تھے۔ تاہم زلزلے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں گزشتہ ماہ طوفان ’گبریل‘ کی وجہ سے کافی نقصان ہوا تھا۔ طوفان کے باعث کئی علاقوں میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تھی اور سیلاب کی وجہ سے کئی مقامات پر مٹی کے تودے گر گئے تھے۔ تیز ہواؤں کے باعث ہزاروں گھروں کی بجلی غائب ہو گئی تھی۔ جبکہ سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ حالت اتنی خراب ہو گئی تھی کہ حکومت نے قومی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔