ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری تقریب موسم کی شدت کے باعث اندر منعقد ہوگی، ایسا 40 سال بعد ہوگا
ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکہ کے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ شدید سردی کے باعث تقریب کھلے میں نہیں بلکہ یو ایس کیپیٹل کے اندر منعقد ہوگی، یہ 40 سال میں پہلا موقع ہوگا، جب ایسا کیا جائے گا۔
ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر یو این آئی
واشنگٹن: 20 جنوری کو دنیا بھر کی نظریں امریکہ پر مرکوز ہوں گی، جہاں ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے نئے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ سخت سردی کے باعث ان کے حلف برداری کے مقام میں تبدیلی کی گئی ہے۔ موسم کے شدید انتباہ کی روشنی میں تقریب اب یو ایس کیپیٹل کے اندر منعقد کی جائے گی۔ یہ 40 سال میں پہلا موقع ہوگا جب کوئی امریکی صدر موسم کی شدت کے سبب اندرونِ خانہ حلف اٹھائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے 17 جنوری کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک بیان میں کہا، "ملک میں آرکٹک طوفان کا سلسلہ جاری ہے۔ میں نہیں چاہتا کہ کوئی نقصان یا چوٹ لگے، اس لیے میں نے یہ فیصلہ کیا کہ دعا اور دیگر تقاریر کے ساتھ افتتاحی خطاب بھی یو ایس کیپیٹل روٹونڈا کے اندر کیا جائے گا۔"
گزشتہ مرتبہ 1985 میں، امریکہ کے سابق صدر رونالڈ ریگن نے بھی سخت سردی کی وجہ سے اپنی حلف برداری کی تقریب کا مقام تبدیل کیا تھا اور اندر ہی تقریر کی تھی۔ حالیہ تقریب پہلے نیو نیشنل مال، یو ایس کیپیٹل کے باہر ہونا تھی۔
پیش گوئی کے مطابق 21 جنوری کو واشنگٹن ڈی سی میں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سیلسیس رہے گا۔ اس دوران سرد ہوائیں لوگوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے حامیوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ کیپیٹل ون ایرینا کے اندر اس تقریب کو بڑی اسکرینوں پر دیکھ سکتے ہیں۔ کیپیٹل ون ایرینا واشنگٹن ڈی سی میں واقع ایک بڑا ہال ہے جس میں 20000 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔