امریکہ: نئے سال کے جشن پر حملہ، اموات 15 تک پہنچ گئیں، حملہ آور کے ٹرک سے داعش کا جھنڈا برآمد

نیو اورلینز حملے میں اموات 15 ہو گئیں، 35 زخمی، حملہ آور ہلاک، ایف بی آئی نے تحقیقات شروع کر دی، ٹرک سے داعش کا جھنڈا برآمد

<div class="paragraphs"><p>Getty Images</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکہ میں نیو اورلینز کی مشہور باہربن اسٹریٹ پر نئے سال کا جشن خونریزی میں بدل گیا جب ایک ٹرک ڈرائیور نے بھیڑ کو کچلنے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کی۔ ایف بی آئی نے حملے کو دہشت گردی قرار دے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں کیونکہ حملہ آور کے ٹرک سے داعش کا جھنڈا برآمد ہوا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں مرنے والوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

یہ واقعہ بدھ کی صبح 3:15 بجے پیش آیا جب حملہ آور نے لوگوں پر حملہ کیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ ایف بی آئی نے حملہ آور کی شناخت 42 سالہ شمس الدین جبار کے طور پر کی ہے اور اس کے پس منظر کی چھان بین جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آور کے ٹرک میں دہشت گرد تنظیم داعش کا جھنڈا موجود تھا، جس کے باعث اس واقعے کو دہشت گردی کے واقعے کے طور پر لیا جا رہا ہے۔


امریکی صدر جو بائیڈن نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور اس واقعے کے ذمہ داروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی یا تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ باہربن اسٹریٹ اور قریبی علاقوں سے دور رہیں کیونکہ وہاں تحقیقات جاری ہیں۔ گورنر نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورت حال پر قابو پانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔

اس واقعے کے بعد نیو اورلینز میں شیڈول آل اسٹیٹ شوگر باؤل کو بھی 24 گھنٹوں کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ میچ جارجیا اور نوٹرے ڈیم کے درمیان جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

باہربن اسٹریٹ، جو اپنی نائٹ لائف اور ثقافتی اہمیت کے لیے مشہور ہے، اس وقت ایک غیر معمولی سانحے کا شکار ہے۔ عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور انتظامیہ نے شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔