تھائی لینڈ میں تباہ کن سیلاب اور لینڈسلائیڈ سے 145 افراد ہلاک، کئی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ
جنوبی تھائی لینڈ میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈسلائیڈ نے تباہی مچا دی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ صوبے سونگ کھلا میں اموات کی تعداد 110 سمیت مجموعی ہلاکتیں 145 ہو گئیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں

تھائی لینڈ اس وقت شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈسلائیڈ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے، جس نے جنوبی خطوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 145 تک پہنچ گئی ہے جبکہ لاکھوں افراد شدید متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری ترجمان سری پونگ انگاکاسا کلکیات نے جمعہ کو پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ سب سے زیادہ تباہی سونگ کھلا صوبے میں ہوئی، جہاں اب تک 110 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ یہ علاقہ سیلاب اور مسلسل ہونے والے لینڈسلائیڈ کی زد میں ہے، جس کے باعث امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر سونگ کھلا میں اموات کی تعداد کم بتائی گئی تھی تاہم اسپتالوں اور مقامی محکموں سے موصول ہونے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے بعد تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
ایک اسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کل 85 ہلاکتیں درج ہوئیں، جن میں سے 55 براہِ راست سیلاب کے باعث اور 30 بحران کے دوران دیگر اسباب سے ہوئیں۔ حکومتی ترجمان نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند گھنٹوں میں دریاؤں کے کناروں پر پانی کی سطح کم ہونے لگے گی، جس سے نہ صرف ریسکیو آپریشن میں آسانی ہوگی بلکہ بڑے پیمانے پر صفائی اور بحالی کے کام بھی تیزی سے شروع کیے جا سکیں گے۔
صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر تھائی وزیر اعظم انوتین چارن ویراکول نے سونگ کھلا سمیت جنوبی صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیموں، فوج اور رضاکار گروپوں کے درمیان بہتر رابطے کے لیے ایک خصوصی کمانڈ سینٹر بھی قائم کیا ہے۔
ڈیپارٹمنٹ آف ڈیزاسٹر پریوینشن اینڈ میٹیگیشن کے مطابق، جنوبی تھائی لینڈ کے 9 صوبے اس سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ مسلسل بارشوں اور پانی کے تیز بہاؤ نے گھروں، سڑکوں اور انفراسٹرکچر کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 22 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں، کیونکہ کچھ علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔