کورونا نے تیل پر پھیرا پانی، امریکی بازار میں قیمت مائنس 38 ڈالر فی بیرل

کورونا بحران کے بعد امریکی بازار میں تیل کی قیمت پانی سے بھی نیچے چلی گئی ہے۔ وعدہ بازار میں ایک بیرل خام تیل کی قیمت تقریباً زیرو ڈالر پہنچ گئی وہیں کموڈیٹی بازار میں مائنس 38 ڈالر تک چلی گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس انفیکشن سے پیدا بحرانی صورت حال کی وجہ سے عالمی معیشت ٹھپ ہے۔ پیدا حالات نے بین الاقوامی بازار میں تیل کی قیمتوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ تیل کی قیمت پانی سے بھی سستی ہو گئی ہے۔ اتنا ہی نہیں کموڈیٹی بازار میں اس کی قیمتیں مائنس میں چلی گئی ہیں، یعنی تیل بیچنے والا خریدار کو تیل کے ساتھ پیسے بھی دے گا۔

پیر کے روز امریکہ میں تیل کی قیمت کا پیمانہ تاریخی گراوٹ میں پہنچ گیا۔ امریکی بنچ مارک کروڈ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) میں وعدہ بازار قیمت 0.97 ڈالر تک پہنچ گیا۔ وہیں تیل کی قیمت -37.63 ڈالر فی بیرل پہنچ گئی ہے۔ یعنی وعدہ بازار میں ایک بیرل تیل کی قیمت تقریباً صفر ڈالر پہنچ گئی وہیں بازار میں ایک بیرل تیل خریدنے پر ساتھ میں تقریباً 38 ڈالر بھی ملیں گے۔


پیر کے روز تیل بازار میں کاروبار کی شروعات 18.27 ڈالر فی بیرل سے ہوئی تھی اور قیمتیں گرتے گرتے پہلے ایک ڈالر سے بھی کم ہو گئیں، اور پھر اس کے بعد بازار بند ہوتے ہوتے تیل کی قیمت مائنس یعنی منفی میں پہنچ گئیں۔ دراصل کورونا کی وجہ سے عالمی معیشت میں کم از کم ایک دہائی کی طلب ختم ہو گئی ہے، لاکھوں لوگوں کی ملازمتیں جانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور بڑی بڑی کمپنیوں کی اربوں ڈالر کی ویلیو خاک ہوتی جا رہی ہے۔ معاشی اور صنعتی سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں۔ اس سب کا اثر تیل کی طلب پر بہت برا پڑا ہے۔


اس کے علاوہ کورونا وائرس وبا کے سبب صارف طلب بے حد نچلی سطح پر پہنچ چکا ہے اور زیادہ تر کمپنیوں کے نتیجے اس سال بہت خراب آنے کا اندیشہ ہے۔ ایسے میں اس سب کا اثر تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ یوں بھی سعودی عرب اور روس کے درمیان جاری قیمتوں کی جنگ سے پہلے ہی تیل کی قیمتوں پر پلیتا لگا ہوا تھا، حالانکہ مہینے کی شروعات میں دونوں ممالک اور کچھ دیگر ممالک نے مل کر تیل کی قیمت بڑھانے کے لیے پروڈکشن میں تقریباً 1 کروڑ بیرل روزانہ کی تخفیف کا فیصلہ کیا تھا، لیکن قیمت میں گراوٹ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔