تھمنے والا نہیں کورونا کا قہر، امریکہ میں 22 لاکھ اور برطانیہ میں 5 لاکھ اموات کا اندیشہ

اسٹڈی رپورٹ لندن کے امپیریل کالج واقع میتھمیٹیکل بایولوجی پروفیسر نیل فرگیوشن نے تیار کی ہے۔ انھوں نے اٹلی سے حاصل ڈاٹا کی بنیاد پر کورونا وائرس کے اثر سے ہونے والی اموات کا اندازہ لگایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں اب تک 7.5 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں اور تقریباً 2 لاکھ افراد اس وائرس سے متاثر ہیں، لیکن ایک ایسی رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا جا رہا ہے کہ اموات کی تعداد لاکھوں میں پہنچنے والی ہے۔ برطانیہ میں ہوئی ایک اسٹڈی کے بعد اس بات کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے صرف امریکہ میں ہی 22 لاکھ اموات ہوں گی اور برطانیہ (یونائٹیڈ کنگڈم) میں 5 لاکھ اموات کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ صرف ان دو مقامات پر ہی تقریباً 27 لاکھ اموات کا خدشہ ہے۔

دراصل کورونا وائرس امریکہ اور برطانیہ دونوں جگہوں پر بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹڈی کی جو رپورٹ سامنے آئی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ حکومت جتنا اندازہ لگا رہی ہے اس سے کہیں زیادہ اموات ہوں گی۔ جو کچھ سامنے آ رہا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حالات انتہائی خراب ہونے والے ہیں۔ برطانیہ نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کئی طرح کے سخت اقدام کیے ہیں، لیکن فی الحال کوئی اچھی خبر سامنے نہیں آ رہی ہے۔


پیر کے روز برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے سبھی طرح کی سماجی زندگی پر پابندی لگای دی۔ یہ ملک دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے اور اس وقت اپنے سب سے برے دور سے گزر رہی ہے۔ گویا کہ لوگوں کی موتیں ہو ہی رہی ہیں، ملک کی معاشی حالت بھی خراب ہوتی جا رہی ہے۔ بورس جانسن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 70 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے اور لوگ گھر سے باہر نکلنے سے بچیں۔

کورونا وائرس سے متعلق تنبیہ جاری کرنے والی اسٹڈی رپورٹ لندن کے امپیریل کالج واقع ایک میتھمیٹیکل بایولوجی پروفیسر نیل فرگیوشن نے تیار کی ہے۔ انھوں نے اٹلی سے لیے ڈاٹا کی بنیاد پر کورونا وائرس کے اثر سے ہونے والی اموات کا اندازہ لگایا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ لندن میں 1918 میں بخار کی خطرناک وبا پھیلی تھی۔ نیل فرگیوشن نے 1918 کی اس وبا کا موازنہ کورونا وائرس سے کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وبا سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدام کیے گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے امریکہ میں 22 لاکھ اور برطانیہ میں 5 لاکھ اموات ہو سکتی ہیں۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے اثر کو روکنے سے متعلق حکومت کے گزشتہ منصوبے میں لوگوں کو آئسولیشن میں بھیجنے کے باوجود سماجی طور پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ اس وجہ سے ڈھائی لاکھ لوگوں کی موت ہو سکتی ہے۔ اسٹڈی میں برطانیہ کی خراب نظام صحت کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے۔ اسٹڈی میں واضح لفظوں میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے بچنے کے لیے سخت سماجی پابندیاں لگائی جانی چاہئیں۔ کلب، پَب اور تھیٹر کو پوری طرح سے بند کیا جانا چاہیے۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو وبا کے مزید خطرناک نتائج ہو سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Mar 2020, 9:40 AM