امریکہ کو ٹیرف کا جواب ٹیرف سے دے گا کینیڈا اور میکسیکو، چین معاملے کو ڈبلیو ٹی او میں لے جائے گا

چین کی وزارت کامرس نے کہا ہے کہ اپنے مفادات اور حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔ کینیڈا اور میکسیکو نے بھی امریکہ کو جوابی کارروائی کے لیے انتباہ کر دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ٹرمپ اور ٹروڈو، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ٹرمپ اور ٹروڈو، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے میکسیکو، کینیڈا اور چین سے درآمد ہونے والی اشیاء پر ٹیرف لگانے سے متعلق ایک حکم پر ہفتہ کو دستخط کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی پوری دنیا میں ہلچل پیدا ہو گئی اور ان ممالک کی جوابی کارروائی سے تجارتی جنگ شروع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ریسرچ اینڈ انفارمیشن سسٹم کے مطابق چین، میکسیکو اور کینیڈا امریکی کاروباری خسارہ میں سب سے زیادہ حصہ داری دینے والے ملک ہیں۔ چین کی حصہ داری 30.2 فیصد، میکسیکو کی 19 فیصد اور کینیڈا کی 14 فیصد ہے جبکہ ہندوستان کی حصہ داری صرف 3.2 فیصد ہے۔ صدر ٹرمپ نے انٹرنیٹ میڈیا پر ساجھا کیے اپنے پوسٹ میں کہا کہ یہ ٹیرف امریکیوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔

ٹرمپ نے تینوں ممالک پر فینٹینائل دوا کے غیر قانونی طور پر بنانے اور برآمدات پر شکنجہ لگانے کے لیے دباؤ ڈالا ہے۔ ٹرمپ کے اس فیصلے کے بعد چین شدید ناراض ہو گیا ہے۔ چین نے امریکہ کو ڈبلیو ٹی او میں گھسٹینے کا اعلان کر دیا ہے۔ بیجنگ نے ٹرمپ کے ٹیرف کو غلط رواج قرار دیا ہے۔

چین کی وزارت کامرس نے صاف طور پر کہا ہے کہ اپنے مفادات اور حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔ چین نے امریکہ کے خلاف ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) میں مقدمہ کرنے کی وارننگ دی ہے۔


امریکہ کے ٹیرف بڑھانے کے بعد کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹسن ٹروڈو بھی بھڑک گئے ہیں۔ انہوں نے ٹرمپ کو سیدھے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کی جوابی کارروائی کے لیے امریکہ تیار رہے۔ ٹروڈو نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ 155 بلین امریکی ڈالر کی درآمد پر 25 فیصد ٹیکس لگائیں گے۔ ٹروڈو نے کہا کہ منگل سے 30 بلین ڈالر کے امریکی سامانوں پر فوری ٹیرف لگایا جائے گا۔ اس کے بعد 21 دنوں میں 125 بلین ڈالر کے سامانوں پر اور ٹیرف لگایا جائے گا تاکہ کینیڈا کی کمپنیوں کو متبادل تلاش کرنے کا موقع مل سکے۔

وہیں میکسیکو نے بھی امریکی صدر ٹرمپ کے ٹیرف کا جواب ٹیرف لگا کر دیا ہے۔ میکسیکن صدر کلاؤڈیا شین بام نے ہفتہ کو کہا، "امریکہ کے ذریعہ میکسیکن اشیا پر ٹیرف لگانے کے بعد انہوں نے اپنے وزیر اقتصادیات کو میکسیکو کے مفادات کے تحفظ کے لیے ٹیرف اور غیر ٹیرف طریقوں کو نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔