جنوبی کوریا میں لہراتے ہوئے زمین پر آگرا پُل، 3 کی موت، کئی افراد ملبے میں دبے
جنوبی کوریا کی راجدھانی سے تقریباً 65 کلومیٹر دور اینسیانگ میں صبح 9 بجکر 50 منٹ پر حادثہ پیش آیا۔ ملبے میں دبے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ویڈیو گریب
جنوبی کوریا میں ایک پُل گرنے کا حیران کر دینے والا ویڈیو سامنے آیا ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بے حد اونچائی پر بنا ہوا پُل کس طرح سے لمحہ بھر میں زمین پر آ گرا۔ پہلے ایسا لگا کہ پُل ہوا میں لہرا رہا ہے۔ اس کے بعد اس کے حصے ٹوٹ کر زمین پر گرنے لگے۔ اطلاع کے مطابق ایکسپریس وے تعمیر کے دوران یہ حادثہ ہوا جس میں کم سے کم 3 افراد کی موت ہو گئی جبکہ کئی لوگ شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پُل گرنے کے بعد آسمان میں گرد و غبار اڑنے لگا۔ پُل گرنے کے بعد وہاں چیخ و پکار مچ گئی اور حادثے میں زخمی لوگوں کو فوری طور پر اسپتال کے لیے روانہ کیا گیا۔ حادثے کے بعد 3 لوگ لاپتہ بھی بتائے جا رہے ہیں۔ یہ حادثہ جنوبی کوریا کی راجدھانی سے تقریباً 65 کلومیٹر دور اینسیانگ میں صبح 9 بجکر 50 منٹ پر پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی قائم مقام صدر چوئی سانگ موک نے فوری طور پر راحت و بچاؤ مہم چلانے کی ہدایت دی۔ اطلاع کے مطابق حادثے کے بعد کئی لوگ ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔ انہیں نکالنے کے لیے راحت و بچاؤ ٹیم کے ذریعہ ریسکیو آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ جنوبی کوریا کے ایک وزیر نے اے ایف پی کو بتایا کہ جو لوگ اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں انہیں قریب کے ہی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت ابھی ٹھیک ہے۔
سیول کے وزارت محنت کے مطابق گزشتہ تین سال میں 8 ہزار سے زیادہ مزدوروں کی اس طرح کے حادثات میں موت ہوئی ہے۔ افسر نے بتایا کہ شاہراہ کا حصہ منہدم ہونے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔