باربین ہائیمر: انٹرنیٹ رجحان پر جاپانی برہم

یہ لفظ باربی اور اوپن ہائیمر فلموں کے عنوانات کا ایک میش اپ ہے۔ جاپان میں اوپن ہائیمر کی نمائش کی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں ہوا جبکہ باربی 11 اگست کو ایٹمی بم دھماکوں کی برسی کے بعدریلیز ہوگی

<div class="paragraphs"><p>فلم باربی اور اوپن ہائیمر کا پوسٹر / Getty Images</p></div>

فلم باربی اور اوپن ہائیمر کا پوسٹر / Getty Images

user

مدیحہ فصیح

باربین ہائیمرفلم شائقین کی جانب سے شروع کیا گیا ایک انٹرنیٹ رجحان ہے جو 21 جولائی 2023 کو امریکہ اور کئی دیگر ممالک میں ہالی ووڈ فلموں، باربی اور اوپن ہائیمر کی بیک وقت ریلیز سے قبل سوشل میڈیا پر شروع ہوا۔ یہ لفظ فلموں کے عنوانات کا ایک میش اپ ہے۔پہلی فلم بچپن کے آئکون باربی پر مبنی ہے اور دوسری ایٹم بم بنانے والے سائنس داں جے رابرٹ اوپن ہائیمر کی زندگی پرجنہیں دوسری جنگ عظیم کے دوران، امریکہ نے انتہائی خفیہ مین ہٹن پراجیکٹ پر کام کرنے کے لیے مقرر کیاتھا۔ اوپن ہائیمر اور دیگر سائنس دانوں کی ٹیم 16 جولائی 1945 کو کامیاب ہوئی اور دنیا کا پہلا ایٹمی دھماکہ کیا گیا جس نے انسانی تاریخ کو ہمیشہ کے لیے تبدیل کر دیا۔

اگست 1945 کی 6 اور 9 تاریخ کو امریکہ نے جاپانی شہروں ہیروشیما اور ناگا ساکی پر بالترتیب دو ایٹم بم گرائے تھے جس کے نتیجے میں دو لاکھ سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے۔ جاپانی قوم اس معاملہ میں بہت حساس ہے ۔ شائقین نے جب ان دونوں فلموں کو جوڑ دیا اور ’ باربین ہائیمر‘ کو ایک عالمی رجحان بنا دیاتو ایٹم بموں کے حملوں سے متاثر ہونے والے واحد ملک میں رد عمل سامنے آیا اور سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔ مشروم کے بادلوں کے ساتھ باربی کو جوڑ کر تیار کردہ پرستاروں کے آرٹ ورک کوسوشل میڈیا صارفین نے ناپسند کیا اور جاپان میں "#NoBarbenheimer" کا ٹرینڈ ہوا۔ جاپانی میڈیا کے مطابق یہ رد عمل فلم کے آفیشل امریکی اکاؤنٹ کے متعدد میمز کے خوش گوار جوابات سے پیدا ہوا جن کو بعد میں حذف کر دیا گیا۔ جاپان میں وائرل ردعمل کے بعد امریکی اسٹوڈیو وارنر برادرز نے ’غیر حساس‘ سوشل میڈیا پوسٹس کا جواب دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا، ’وارنر برادرز کو اپنی حالیہ غیر حساس سوشل میڈیا پوسٹس پر افسوس ہےاوراسٹوڈیو مخلصانہ معذرت پیش کرتا ہے‘۔


جاپانی اخبار مینیچی شمبن کی طرف سے پوسٹ کردہ اسکرین گریبس میں اداکار مارگٹ روبی اور سیلین مرفی ، جنہوں نے اپنی اپنی فلموں میں ٹائٹل کردار ادا کیےہیں، کوجوہری دھماکے کے سامنے خوشی سے پوز دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ ایک اور صارف نے باربی کے طور پر روبی کا آرٹ ورک پوسٹ کیا جس کے سر کے گرد مشروم کا بادل تھا۔ فلم کے پروموشنل اکاؤنٹ نے اس پوسٹ کی تعریف کی تھی۔اب وارنر برادرز جاپان کی طرف سے ان وائرل تصاویر اور جوابات کی سرزنش کی گئی ہے اور جاپانی ڈسٹری بیوٹر نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ ’باربین ہائیمر‘کمپنی کی مہم نہیں ہے۔ وارنر برادرز جاپان کے بیان میں کہا گیا، ’ہم مداحوں کی ستائش پر مبنی امریکی ’باربی‘ ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ردعمل کو انتہائی افسوسناک سمجھتے ہیں۔ہم اس صورتحال کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور کمپنی کے امریکی صدر دفتر سے مناسب کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ہالی ووڈ کی دو فلمیں ، وارنر برادرزکی ’باربی‘ اور یونیورسل کی ’اوپن ہائیمر‘ بیک وقت 21 جولائی کو ریلیز ہوئی تھیں اور فلم جریدوں اور ویب سائٹس کے مطابق، امریکہ میں فلم دیکھنے والے ڈبل اسکرین سینما گھروں کا رخ کر رہے ہیں۔ دونوں فلموں نےگزشتہ ہفتے کے آخر میں بالترتیب 93 ملین اور 46.7 ملین ڈالر کمائے۔ گریٹا گیروِگ کی ہدایت کاری میں بننے والی ’باربی‘ 11 اگست کو جاپان میں ریلیز ہونے والی ہے، ہیروشیما اور ناگاساکی میں ہونے والے ایٹمی بم دھماکوں کی برسی کے بعد،جبکہ کرسٹوفر نولان کی ہدایت کاری میں بننے والی ’اوپن ہائیمر‘کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔


باربی اور اوپن ہائیمرنےعالمی سطح پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی کمائی کر لی ہے ۔ دونوں فلمیں امریکی باکس آفس پر دوسرے ہفتے کے آخر میں بھی مستحکم رہی ہیں۔ ’باربی‘ بذات خودایک ارب ڈالر سے زیادہ کی کمائی کر سکتی ہے ۔ جبکہ ’باربین ہائیمر‘ کی ڈمانڈ بھی باکس آفس پر برقرار ہے۔ دونوں فلموں کی مشترکہ طور پر 21 جولائی سے اب تک عالمی ٹکٹوں کی فروخت میں 1.1 ارب ڈالر سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔

مقامی طور پر، ’باربن ہائیمر‘ نے دوسرے ہفتے ٹکٹوں کی فروخت میں اوسط سے کم کمی دیکھی کیونکہ لاکھوں فلم بینوں نے مقبول فلموں کو دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کیا۔ درحقیقت، دونوں فلموں کے ٹکٹوں کی فروخت ابتدائی ویک اینڈ سے صرف 43 فیصد گری۔ عام طور پر، بلاک بسٹر خصوصیات میں پہلے ویک اینڈ کے بعد ٹکٹوں کی فروخت میں 50سے70 فیصد کے درمیان کمی نظر آتی ہے ۔ دوسرے ہفتے کے نمبروں کو اکثر باکس آفس کے تجزیہ کار اس بات کے اشارے کے طور پر دیکھتے ہیں کہ آیا کوئی فلم باکس آفس پر لمبی عمر پائے گی یا تیزی سے غائب ہو جائے گی۔


’کامسکور ‘کے تجزیہ کار پال ڈیرگرابیڈین کے مطابق امریکہ میں ہفتے کے آخر تک ’باربی‘ نے 93 ملین ڈالر کا اضافہ کیا، جس سے اس کی گھریلو آمدنی 351 ملین ڈالر ہو گئی جبکہ دنیا بھر میں یہ 800 ملین ڈالر کے قریب ہے اور یوں یہ فلم 2023 کی دوسری بلین ڈالر فلم بن سکتی ہے۔ یونیورسل کی ’اوپن ہائیمر‘ نے اس دوران 46.7 ملین ڈالر کا اضافہ کیا۔ اس کی گھریلو مجموعی رقم اب 175 ملین ڈالرہے۔ عالمی سطح پر، اس نے 405 ملین ڈالر کمائے ہیں۔

اس طرح، ان دونوں فلموں کے سنگم نے مجموعی طور پر گھریلو باکس آفس کو پچھلے سال کے مقابلے میں مستحکم کیا ہے۔ان فلموں سے پہلے، ٹکٹوں کی فروخت میں 12 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ دو ہفتوں کے بعدوہ 20 فیصد اوپر تھے۔ تاہم، مجموعی طور پر امریکی باکس آفس اب بھی وبائی امراض سے پہلے کی سطح سے تقریباً 16 فیصد پیچھے ہے۔ اور اسے پورا کرنے کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں کیونکہ اسٹوڈیوز نے اگلے سال بڑی ریلیز کوملتوی کرنا شروع کر دیا ہے کیونکہ ہالی ووڈ میں رائٹرز اور اداکاروں کی ہڑتال جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔