آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین ملتوی، ایران کا بدلہ لینے کا عزم، 500 سے زائد امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

روس نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تنازعات کے لیے براہ راست امریکہ اور اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ ان دونوں ممالک کے اقدامات خطے میں فوجی محاذ آرائی کا باعث بنے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>جنگ کے بعد کا منظر / اے آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین فی الحال ملتوی کر دی گئی ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق یہ پروگرام بدھ کی رات تہران کے بارگاہ امام خمینیؒ میں ہونی تھی لیکن اچانک ملتوی کردی گئی۔ حکام نے بتایا کہ شہریوں کے لیے 3روزہ عوامی تعزیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس کے بعد آخری رسومات کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے امریکہ کے لیے سخت انتباہ جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے امریکہ کو ایک غیر منصفانہ جنگ میں دھکیل دیا ہے۔ لاریجانی کے مطابق اس جنگ میں اب تک 500 سے زائد امریکی فوجی مارے جا چکے ہیں اور آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔


اس دوران روس نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تنازعات کے لیے براہ راست امریکہ اور اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ ان دونوں ممالک کے اقدامات پورے خطے میں فوجی محاذ آرائی کو پھیلانے کا باعث بنے ہیں۔ روس نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) ایران پر ہوئے حملے کے بعد ممکنہ تابکاری کے خطرات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔

غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق ایران نے اسرائیل کے خلاف حملوں کی ایک نئی لہر شروع کر دی ہے جس کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آئی ڈی ایف نے کچھ وقت پہلے ایران سے اسرائیل کی طرف میزائلیں داغی گئی ہیں۔ دفاعی نظام خطرے کو روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وہیں ’پریس ٹی وی‘ اور آئی آرجی سی سے وابستہ ’تسنیم نیوز‘ ایجنسی کے مطابق ایران کی انقلابی فورسز نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف حملوں کی 19 ویں لہر کا آغاز کر دیا ہے۔ تسنیم نے آئی آر جی سی کے حوالے سے بتایا کہ نئے حملے میں اسرائیل اور امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے والے میزائل اور ڈرون شامل تھے۔ آئی آرجی سی نے اپنے آپریشن کو ’وعدہ صادق 4 ‘کا نام دیا۔


’الجزیرہ‘  کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد گزشتہ 5 دنوں میں ایران میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس دوران کئی ممالک نے اپنی سکیورٹی بڑھا دی ہے اور قبرص سمیت کئی مقامات پر فوجی طیارے اور فضائی دفاعی نظام تعینات کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔