بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے گھروں پر حملہ، انسانی حقوق کی تنظیم کا اظہار تشویش
ہیومن رائٹس کانگریس فار بنگلہ دیش مائنارٹیز کے مطابق گنگاچرا کے الہداد پور گاؤں میں 27 اور 28 جولائی کو ایک پُرتشدد ہجوم نے کم از کم 21 ہندو کنبوں کے گھروں پر حملہ کیا اور لوٹ مار کی۔
محمد یونس (فائل)، ویڈیو گریب
بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں پر بڑھتے حملوں کے متعلق ہیومن رائٹس کانگریس فار بنگلہ دیش مائنارٹیز (ایچ آر سی بی ایم) نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق رنگ پور ضلع کے گنگاچرا کے الہداد پور گاؤں میں 27 اور 28 جولائی کو ایک پُرتشدد ہجوم نے کم از کم 21 ہندو کنبوں کے گھروں پر حملہ کیا، لوٹ مار کی اور املاک کو نقصان پہنچایا۔ انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق ایک 17 سالہ ہندو لڑکے نے مبینہ طور سے اسلام کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ پر پوسٹ کیا تھا، جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔ حالانکہ اس کے بعد بھی ہجوم نے پورے علاقے میں افراتفری مچائی۔
ایچ آر سی بی ایم نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ’’یہ محض غصہ نہیں بلکہ لوٹ مار، خوف اور شفٹنگ کے جذبہ سے متاثر ایک منظم حملہ تھا۔‘‘ مقامی لوگوں کے مطابق تشدد کے دوران 14 سے 21 گھروں پر حملہ ہوا۔ متاثرین نے بتایا کہ پولیس یا تو تاخیر سے پہنچی یا پھر حالات کو قابو کرنے میں ناکام رہی۔ ایک مقامی کسان کمل کانت رائے نے بتایا کہ ’’میں پوری رات نہیں سو پایا۔ صبح ہوتے ہی ہم چاول، بستر اور بکری وغیرہ جو بھی تھا سب کچھ ساتھ لے کر گاؤں چھوڑنے کو مجبور ہو گئے۔ ہمیں نہیں پتہ کہ لوٹنے کے بعد گھر ملے گا بھی یا نہیں۔‘‘
پولیس کے مطابق 14 گھروں پر حملہ ہوا، جبکہ مقامی نمائندوں اور رہائشیوں کا دعویٰ ہے کہ کم از کم 21 گھروں میں لوٹ مار ہوئی اور کئی مویشیوں کو یا تو چوری کر لیا گیا یا پھر فروخت کر دیا گیا۔ مقامی یونین کے رکن پاریش چندرا کے مطابق ’’یہ کوئی اچانک حملہ نہیں تھا، بلکہ ایک سوچی سمجھی کارروائی تھی۔ جن خاندانوں کو نشانہ بنایا گیا، ان کے گھروں کو خالی کرا دیا گیا اور ان کے تحفظ کے احساس کو توڑ دیا گیا۔‘‘ واضح ہو کہ واقعہ کے بعد علاقے میں پولیس کی تعیناتی کی گئی ہے۔ تشدد روکنے کی کوشش کے دوران ایک پولیس کانسٹیبل بھی شدید طور پر زخمی ہو گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔