عراق: احتجاجی مظاہروں میں اب تک 31 افراد ہلاک، عوام میں غیض و غضب

عراق میں معاشی حالات کی ابتری اور ملک میں پھیلی بدعنوانی اور بے روزگاری کے خلاف منگل کے روز شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں اب تک 31 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

عراق میں معاشی حالات کی ابتری اور ملک میں پھیلی بدعنوانی اور بے روزگاری کے خلاف منگل کے روز شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں اب تک 31 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ بعض مظاہروں کے دوران ایران حمایت یافتہ "ملیشیاؤں" کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی۔

اگرچہ عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے جمعے کو علی الصبح نشر ہونے والے اپنے خطاب میں حالات کو پرسکون بنانے کی کوشش کی تاہم ملک میں آج پھر سے مظاہرین کے سڑکوں پر نکل آنے کے امکان کے پیش نظر سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے گزشتہ تین روز کے دوران سیکورٹی فورسز کی جانب سے براہ راست فائرنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور 1188 زخمی ہوئے۔


 عراق: احتجاجی مظاہروں میں اب تک 31 افراد ہلاک، عوام میں غیض و غضب

دسری جانب عادل عبدالمہدی نے اپنے خطاب میں قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ وزارتی تبدیلیوں کے لیے عراقی وزیراعظم کو سپورٹ کریں۔ انہوں نے تین روز کے خون ریز انتشار کے بعد حالات پر سکون بنانے کا مطالبہ کیا۔ جمعے کو سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے خطاب میں عبدالمہدی کا کہنا تھا کہ "ہم پارلیمنٹ اور سیاسی قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ وزارتی تشکیل اور وزارتی سطح پر ترامیم کو پورا کرنے کے لیے کابینہ کے سربراہ (وزیراعظم) کو اختیار دینے کے حوالے سے پوری پاسداری کریں تا کہ سیاسی کوٹے سے دور رہ کر اس عمل کو یقینی بنایا جا سکے"۔


عبدالمہدی نے مزید کہا کہ عراق میں حکومتی مشکلات اور دیرینہ اختیارات کے استحصال کا "کوئی جادوئی حل" نہیں پایا جاتا ہے۔ تاہم انہوں نے اس عزم کا اعلان کیا کہ وہ ایک قانون کی منظوری کی کوشش کریں گے جس کے ذریعے غریب خاندانوں کو بنیادی معاوضہ پیش کیا جا سکے اور ہر عراقی خاندان باعزت طور پر گزر بسر کر سکے۔

عراقی وزیراعظم نے مظاہرین کو مخاطب کر کے کہا کہ ’’مظاہروں سے پہلے ہی آپ کی آواز سنی جا چکی ہے، بدعنوانی سے لڑنے اور جامع اصلاحات کے حوالے سے آپ کے مطالبات جائز ہیں‘‘۔ یاد رہے کہ ملک میں چھایا ہوا کوٹا سسٹم، بدعنوانی اور بعض مذہبی جماعتوں اور ملیشیا کے بیچ اختیارات کی بندر بانٹ ابھی تک ریاست کے قیام اور مؤثر صورت تیزی سے کام کرنے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔


گذشتہ دہائیوں کے دوران فرقہ وارانہ لڑائی، غیر ملکی قبضے، امریکی حملے، غیر ملکی پابندیوں اور پڑوسیوں کے ساتھ جنگوں نے عراق کے اندر انفرا اسٹرکچر کو ڈھیر کر دیا ہے۔ ملک کو کسی حد تک امن و امان اور تجارت کی آزادی کی نعمتیں ملنے کے بعد اب بھی بہت سے عراقی بالخصوص نوجوانوں کو شکوہ ہے کہ ان کی حکومت ریاست کی تعمیر نو میں ناکام ہو چکی ہے۔ اگرچہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF کے مطابق عراق دنیا میں تیل کے چوتھے بڑے ذخائر کا مالک ہے تاہم 4 کروڑ کی آبادی والے اس ملک کے زیادہ تر لوگ غربت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ان لوگوں کو صحت، تعلیم، بجلی اور پانی کی خدمات مناسب طور میسر نہیں۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Oct 2019, 2:42 PM