بین الاقوامی سطح پر افغانستان کے بارے میں پاکستانی موقف کے شکر گزار ہیں: ذبیح اللہ

ذبیح اللہ نے کہا کہ ’’ہم امید کرتے ہیں کہ پڑوسی ممالک بین الاقوامی برادری کے سامنے افغانستان کی حمایت جاری رکھیں گے‘‘۔

ذبیح اللہ، تصویر یو این آئی
ذبیح اللہ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

اسلام آباد: طالبان نے بین الاقوامی سطح پر افغانستان کی حمایت کرنے پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔ پاکستانی روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان کے قائم مقام نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے گزشتہ روز ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر حمایت کرنے پر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا پڑوسی ہے اور ہم افغانستان کے بارے میں پاکستان کے موقف کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان بین الاقوامی برادری کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا اور تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ ’’ہم امید کرتے ہیں کہ پڑوسی ممالک بین الاقوامی برادری کے سامنے افغانستان کی حمایت جاری رکھیں گے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک نے بین الاقوامی برادری اور امریکہ کے سامنے طالبان کے حق میں آواز بلند کی ہے۔


ذبیح اللہ نے کہا کہ قطر، ازبکستان اور کئی دیگر ممالک نے افغانستان کے بارے میں مثبت رویہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ روز قبل چین اور روس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں گروپ (طالبان) کے حق میں بات کی تھی۔ انہوں نے پنجشیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجشیر میں جدوجہد ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے ساتھ جنگ ​​کرنا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن قائم کرنے کے بعد طالبان کی ترجیح دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کو بڑھانا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی گروپ نے افغانستان پر حملہ کیا یا حکومت کے خلاف جنگ کی تو اسے مناسب جواب دیا جائے گا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔