بگڑتی معاشی صورت حال کے درمیان سری لنکا میں ہیلتھ ایمرجنسی کا بھی اعلان

سری لنکا میں بگڑتی معاشی صورتحال کے درمیان ادویات، ایندھن، آلات کی قلت اور بجلی کی بار بار کٹوتی کے پیش نظر اب ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے

سری لنکا میں مظاہرہ / Getty Images
سری لنکا میں مظاہرہ / Getty Images
user

یو این آئی

کولمبو: سری لنکا میں بگڑتی معاشی صورتحال کے درمیان ادویات، ایندھن، آلات کی قلت اور بجلی کی بار بار کٹوتی کے پیش نظر اب ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سری لنکن گورنمنٹ میڈیکل آفیسرز ایسوسی ایشن نے یہ اعلان ہنگامی مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔

ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق موجودہ ناقص معاشی اور مالیاتی انتظام کی وجہ سے بجلی کی کمی اور ایندھن کی قلت کے درمیان تمام اسپتالوں اور صحت کی سہولیات میں ضروری ادویات کے ساتھ ساتھ طبی آلات کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔


بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت صحت نگرانی میں کمی کو روکنے کی منصوبہ بندی کرنے میں ناکام رہی ہے کیونکہ مفت صحت خدمات کو ملک کی ترجیح نہیں رکھا گیا ہے۔ عوام کی زندگی اور صحت کے حق کو یقینی بنانا حکومت کی ناگزیر ذمہ داری ہے لیکن وہ اسے ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان حالات میں گورنمنٹ میڈیکل آفیسرز ایسوسی ایشن کی مرکزی کمیٹی نے ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی کے اعلان کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی علاج کو ترجیح دی جائے گی۔

جی ایم او اے نے ایک بیان میں کہا،’’حکومت اور وزارت صحت دونوں ہی طبی نظام کو ٹوٹنے سے بچانے میں ناکام رہے ہیں،جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہاں کی حکومت لوگوں کی زدنگی بچانے اور طی خدمات کی فراہمی کرنے میں ناکام ہے۔‘‘

سری لنکا میں صحت عامہ کا ایک عالمگیر نظام ہے، جس کی مالی اعانت ٹیکس دہندگان کی رقم سے ہوتی ہے، جس کا مطلب ہے کہ شہری سرکاری سہولیات پر مفت صحت کی دیکھ بھال تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس اجلاس میں سری لنکا کے عوام کو صرف ہنگامی صورت حال میں ہی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے یہاں کے لوگوں کا جینا مشکل ہو رہا ہے۔ سری لنکا میں معاشی بحران کے گہرے ہونے کی وجہ سے انفراسٹرکچر کی کمی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */