امریکی اداکار میلکم جمال وارنر کوسٹا ریکا کے سمندر میں ڈوب کر ہلاک
امریکہ کے معروف اداکار میلکم جمال وارنر کوسٹا ریکا میں تعطیلات کے دوران سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ وہ ’دی کاسبی شو‘ میں تھیو کا کردار ادا کر کے مشہور ہوئے تھے

میلکم جمال وارنر / Getty Images
واشنگٹن: امریکہ کے معروف اداکار اور ایمی ایوارڈ نامزد میلکم جمال وارنر کوسٹا ریکا کے ایک ساحلی مقام پر نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ ان کی عمر 54 برس تھی۔ وارنر اپنے خاندان کے ہمراہ تعطیلات منانے کے لیے وسطی امریکی ملک کوسٹا ریکا گئے ہوئے تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق وہ ساحل پر نہا رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔
کوسٹا ریکا کے تفتیشی ادارے (او آئی جے) نے تصدیق کی ہے کہ ایک امریکی شہری، جن کا آخری نام ’وارنر‘ تھا، سمندر میں ڈوبنے سے ہلاک ہوا۔ اگرچہ سرکاری طور پر مکمل نام جاری نہیں کیا گیا، تاہم قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ مرنے والے شخص کی شناخت میلکم جمال وارنر کے طور پر ہوئی ہے۔
ریڈ کراس کے مطابق، واقعے کے فوراً بعد لائف گارڈز نے انہیں پانی سے نکالا اور ابتدائی طبی امداد دی گئی لیکن اس وقت تک وہ جانبر نہ ہو سکے۔
میلکم جمال وارنر 18 اگست 1970 کو امریکی ریاست نیو جرسی میں پیدا ہوئے۔ ان کا نام دو معروف شخصیات، سول رائٹس لیڈر میلکم ایکس اور جیز موسیقار احمد جمال کے نام پر رکھا گیا تھا۔ ان کی والدہ پامیلا وارنر، جو خود بھی ان کے فنی کیریئر کی مینیجر تھیں، نے ان کی پرورش اور تربیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وارنر نے کم عمری میں اداکاری کا شوق اپنایا اور نیویارک کے پروفیشنل چلڈرن اسکول سے ابتدائی تربیت حاصل کی۔ ان کی شروعات چھوٹے موٹے ٹی وی کرداروں سے ہوئی، تاہم انہیں اصل شہرت 1984 میں شروع ہونے والے مقبول ٹی وی شو ’دی کاسبی شو" سے ملی، جس میں انہوں نے تھیو ہکسیٹیبل کا کردار ادا کیا۔ یہ شو 1992 تک جاری رہا اور اس دوران میلکم جمال وارنر لاکھوں ناظرین کے دلوں میں گھر کر گئے۔
1986 میں انہیں تھیو کے کردار کے لیے ایمی ایوارڈز میں نامزد کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے کئی دیگر ٹی وی شوز اور فلموں میں کام کیا، جن میں ’میلکم اینڈ ایڈی‘، ’سوٹس‘، ’دی پیپل ورسز او جے سمپسن‘ اور ’دی ریزیڈنٹ‘ شامل ہیں۔ ان کے کام کی تعریف صرف ناظرین ہی نے نہیں کی بلکہ ناقدین نے بھی ان کی فطری اداکاری کو سراہا۔
اداکاری کے ساتھ ساتھ میلکم جمال وارنر نے ہدایتکاری، موسیقی اور شاعری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ ایک باصلاحیت باس گٹارسٹ تھے اور انہوں نے کئی البمز بھی ریلیز کیے۔ ان کی اچانک اور افسوسناک موت نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے ساتھی فنکار انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
میلکم جمال وارنر ایک ہمہ جہت فنکار تھے جنہوں نے اپنے فن، اخلاق اور شخصیت سے ناظرین کو متاثر کیا۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔