ایمیزون کے مالک جیف بیزوس کا عہدے سے دستبرداری کا اعلان، اینڈی جیسی سنبھالیں گے ذمہ داری

دنیا کی معروف ای کامرس کمپنی ایمیزون کے بانی اور مالک جیف بیزوس نے چیف ایگزیکیٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے سے دستدرداری کا اعلان کیا ہے

 ایمیزون کے بانی اور مالک جیف بیزوس / IANS
ایمیزون کے بانی اور مالک جیف بیزوس / IANS
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: دنیا کی معروف ای کامرس کمپنی ایمیزون کے بانی اور مالک جیف بیزوس نے چیف ایگزیکیٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے سے دستدرداری کا اعلان کیا ہے۔ ملازمین کے نام اپنے ایک مراسلہ میں بیزوس نے منگل کے روز کہا کہ وہ کمپنی میں سی ای او کے منصب سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

تقریباً 30 سالوں تک ایمیزون کے سی ای او کا عہدہ سنبھالنے والے جیف بیزوس نے کہا ’’یہ اعلان کرتے ہوئے میں پر جوش ہوں کہ میں ایمیزون بورڈ کے ایگزیکٹیو چیئرمین کی حیثیت سے کام کروں گا اور اینڈی جسی کمپنی کے نئے سی ای او ہوں گے‘‘۔


انہوں نے کہا کہ ایمیزون بورڈ آف ڈائرکٹرز کے ایگزیکٹیو چیئرمین کی حیثیت سے ان کا رول انہیں کمپنی سے منسلک رہنے کا موقع فراہم کرے گا۔ بقول ان کے اس کے بعد وہ ڈے 1 فنڈ، بیزوز ارتھ فنڈ، بلیو اوریجن، دی واشنگٹن پوسٹ اور دیگر معاملات پر بھی توجہ دینے کے قابل ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ جیف بیزوس نے ایمیزون کی شروعات ایک اسٹارٹ اپ کے طور پر کی تھی اور اسے 1995 میں شروع کیا تھا۔ آج ان کی یہ کمپنی دنیا کی سب سے بڑی ای کمارس کمپنیوں میں شامل ہے۔ 57 سالہ بیزوس کا کہنا ہے کہ اب وہ سماجی خدمات کے منصوبوں، خلائی تحقیق اور دیگر کاروباری پراجیکٹوں پر توجہ مرکوز کریں گے۔


بیزوس نے اپنے مراسلہ میں لکھا، ’’مجھے یہ اعلان کرنے میں خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میں مجھے ایمیزون بورڈ کا قائم مقام سربراہ اور اینڈی جیسی کو سی ای او بنایا جا رہا ہے۔ مجھے اینڈی جیسی پر پورا اعتماد ہے۔ وہ ایک بہترین لیڈر ثابت ہوں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Feb 2021, 9:33 AM
/* */