ایلن مسک دنیا کے امیر ترین شخص بننے میں کامیاب، ’ایمیزون‘ کے مالک جیف بیزوس کو پیچھے چھوڑا

امریکہ کی کارساز کمپنی ٹیسلا کے ’سی ای او‘ ارب پتی کاروباری ایلن مسک دنیا کے امیرترین شخص بن گئے ہیں، ایمیزون کے مالک بیزوس اگر اپنی بیوی کو طلاق نہیں دیتے تو وہ آج بھی دنیا کے امیر ترین شخص ہوتے

ٹیسلا کے سی ای او ایلن مسک / Getty Images
ٹیسلا کے سی ای او ایلن مسک / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

امریکہ کی کارساز کمپنی ٹیسلا کے ’سی ای او‘ ارب پتی کاروباری ایلن مسک دنیا کے امیرترین شخص بن گئے ہیں اور انہوں نے ایمیزون کے مالک جیف بیزوس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کے حصص میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی دولت 188 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ اس طرح ان کی دولت بیزوس 187 بلین ڈالر سے تقریباً ایک ارب ڈالر زیادہ ہو گئی۔

ایلن مسک کی کمپنی ٹیسلا ماحول دوست الیکٹرک کاریں تیار کرتی ہے اور جس فہرست میں انہیں دنیا کا امیر ترین شخص قرار دیا ہے اسے بلومبرگ نے جاری کیا ہے۔ اس فہرست میں دنیا کے 500 ارب پتی شامل ہیں۔ ایلن کی ذاتی دولت گذشتہ سال ٹیسلا کے حصص میں آٹھ گنا اضافے کی بدولت بڑھ گئی تھی۔ بیزوس کو سال 2017 سے دنیا کا امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق مسک کارساز فرم کے 20 فی صد حصص کے خود مالک ہیں۔ جمعرات کو ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں 7.4 فی صد کا اضافہ ہوا اور ایک شیئر کی قیمت 811.61 ڈالر تک پہنچ گئی۔ تاہم فوربس کی ارب پتی افراد کی فہرست کے مطابق ایلن مسک ابھی ایمیزون کے مالک بیزوس سے پیچھے ہیں اور ان سے 7 ارب 80 کروڑ ڈالر کم دولت کے مالک ہیں۔


جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے ایلن مسک انٹرنیٹ کے ذریعے رقوم کے منتقلی کا کاروبار کرنے والی بڑی کمپنی پے پال ہولڈنگز کے شریک بانی تھے لیکن بعد میں انہوں نے اس کمپنی کو فروخت دیا۔ اس وقت وہ دنیا کی بعض بڑی مستقبل ساز کمپنیوں کے مالک ہیں۔

وہ ٹیسلا کے علاوہ راکٹ ساز کمپنی اسپیس ایکس اور نیورالنک کے بھی سربراہ ہیں۔نیورا لنک ہائی بینڈوتھ دماغی مشینی انٹرفیس بنا رہی ہے جن کے ذریعے انسانی دماغ کو کمپیوٹرز سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔ مسک نے امریکہ کے شہروں میں مصروف شاہراہوں کے زیر زمین ارزاں لاگت پرسرنگیں (ٹنل) بنانے کے لیے ’بورنگ کمپنی‘ قائم کی تھی۔ اس منصوبہ کا مقصد شہروں میں ٹریفک جام سے بچنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹیشن کے تمام نظام کو برقی بنانا ہے۔


ادھر، ایمیزون کے مالک بیزوس کی بات کریں تو اگر ان کا اپنی بیوی سے طلاق نہیں ہوتا تو وہ آج بھی دنیا کے امیر ترین شخص ہوتے۔ دراصل طلاق کے بعد بیزوس کو اپنی سابقہ بیوی کو اپنی دولت کا ایک بڑا حصہ فراہم کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ وہ خیرات بھی خوب کرتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال نومبر کے مہینے میں 68 کروڑ ڈالر کے حصص خیرات کر دئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Jan 2021, 8:41 AM
/* */