کینیڈا میں جی-7 اجلاس میں شرکت کے بعد وزیرِاعظم نریندر مودی کروشیا روانہ

کینیڈا میں جی-7 اجلاس میں شرکت کے بعد وزیرِاعظم نریندر مودی کروشیا روانہ ہو گئے، جہاں وہ صدر اور وزیرِاعظم سے ملاقات کریں گے۔ یہ کسی ہندوستانی وزیرِاعظم کا پہلا کروشیا کا دورہ ہے

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم مودی / آئی اے این ایس</p></div>

وزیر اعظم مودی / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

وزیرِاعظم نریندر مودی کینیڈا میں جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وہاں سے کروشیا کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ جی-7 اجلاس کے دوران وزیرِاعظم مودی نے عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی، دوطرفہ بات چیت کی اور توانائی، ٹیکنالوجی، سلامتی اور عالمی امن جیسے مسائل پر ہندوستان کا نقطۂ نظر پیش کیا۔ یہ جی-7 اجلاس کینیڈا کے شہر کناناسکس میں منعقد ہوا جہاں وزیرِاعظم مودی کو خصوصی دعوت پر مدعو کیا گیا تھا۔

اجلاس میں شرکت کے دوران وزیرِاعظم کی کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی سے ملاقات خاص اہمیت کی حامل رہی۔ یہ وزیر اعظم مودی کے تیسری مرتبہ اقتدار میں میں آنے کے بعد پہلی ملاقات تھی۔ اس ملاقات میں ہندوستان-کینیڈا تعلقات کو بحال کرنے، سفارتی عملے کی تقرری اور توانائی، معدنیات، کھاد اور خلائی تعاون جیسے شعبوں میں اشتراک پر گفتگو ہوئی۔

وزیرِاعظم مودی نے اجلاس کے بعد ایک سوشل میڈیا پیغام میں لکھا: ’’کینیڈا کے ایک کامیاب دورے کا اختتام ہوا۔ جی-7 اجلاس کی شاندار میزبانی پر کینیڈا کے عوام اور حکومت کا شکریہ۔ مختلف عالمی امور پر بامعنی بات چیت ہوئی اور ہم عالمی امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘


وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بھی وزیرِاعظم کی مصروفیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں توانائی تحفظ، ٹیکنالوجی اور اختراع جیسے عالمی امور پر بامعنی گفتگو ہوئی۔ وزیرِاعظم نے کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔

جی-7 میں وزیرِاعظم مودی کی یہ مسلسل چھٹی شرکت تھی، جس میں انہوں نے ایک بار پھر ترقی پذیر ممالک کی ترجمانی کی اور ماحولیاتی تبدیلی، توانائی رسائی، مصنوعی ذہانت کے ضوابط اور عالمی جنوب کی شراکت داری جیسے موضوعات کو اجاگر کیا۔

اب وزیرِاعظم مودی کروشیا کے سرکاری دورے پر روانہ ہو چکے ہیں۔ یہ کسی ہندوستانی وزیرِاعظم کا پہلا کروشیا دورہ ہے۔ وہ کروشیا کے وزیرِاعظم آندرے پلینکووِچ اور صدر زوران ملانووِچ سے ملاقات کریں گے۔ رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالہ سے دعویٰ کیا گیا کہ یہ دورہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا موقع ہوگا بلکہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعاون کی نئی راہیں بھی کھولے گا۔

کروشیا کا یہ دورہ ہندوستان کی یورپ کے ساتھ اقتصادی، تکنیکی اور سیاسی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا حصہ ہے، جس کے تحت وزیرِاعظم مودی مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک کو فروغ دینے پر توجہ دیں گے۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، سیاحت، اور تعلیمی تعاون جیسے شعبوں میں نئی پیش رفت متوقع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔