میکسکو میں طیارہ حادثہ، 85 مسافر زخمی

ايرومیكسكو کے مطابق حادثہ کا شکار ہوا مسافر طیارہ ڈورانگو بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دارالحکومت میکسیکو سٹی کی طرف جا رہا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

میکسیکو سٹی: میکسیکو کے ڈورانگو صوبے میں منگل کو ايرومیكسكو کا ایک ایمبرایر مسافر طیارہ پرواز کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا جس میں کم از کم 85 افراد زخمی ہو گئے۔

میكسكو کے مواصلات اور وزیر ٹرانسپورٹ جیرارڈو ر روئز ایسپارزا نے ٹویٹر پر لکھا کہ طیارے میں کل 97 مسافروں کے علاوہ عملے کے چار رکن بھی سوار تھے۔ میڈیم سائز کا یہ جیٹ طیارہ مسافروں سے تقریباً مکمل طور پربھرا ہوا تھا۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق تقریبا چار بجے پیش آیا۔ طیارے نے زبردست بارش کے درمیان پرواز بھری تھی اور وہ زمین سے کچھ ہی اونچائی پر تھا کہ تبھی گر کر تباہ ہوگیا۔

ايرومیكسكو نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ حادثہ کا شکار ہوئے ایمبراير-190 مسافر طیارے کا فلائٹ نمبر 2431 تھا جو ڈورانگو بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دارالحکومت میکسیکو سٹی کی طرف جا رہا تھا۔ ایئر لائن کے ایک ترجمان نے طیارے میں سوار مسافروں کی فہرست اور ان کی قومیت کا انکشاف کرنے سے انکار کر دیا۔

طیارے میں سوار جیکلین فلورس نامی ایک خاتون مسافر نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اور ان کی بیٹی ہوائی جہاز کے فیوز لیز میں ایک سوراخ سے بچ نکلے کیونکہ طیارے میں آگ لگ گئی تھی۔ جیکلین فلورس نے بتایا کہ طیارے میں آگ کی وجہ سے ان کا پاسپورٹ اور کاغذات جل کر خاک ہو گئے۔

جیکلین فلورس نے کہا، ’میں خدا کا شکر گزار ہوں۔‘ ٹی وی پر آنے والی فوٹیج میں ایمبرایر 190 طیارے سے دھواں نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈورانگو کی شہری سیکورٹی ایجنسی کے ترجمان ایلکزینڈر کارڈوزا کے مطابق طیارے نے پرواز کے بعد ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی جبکہ دیگر متعلقہ محکموں کے مطابق طیارہ پرواز کے فورا بعد گر کر تباہ ہوگیا۔

كارڈوزا نے بتایا کہ اس حادثے میں تقریباً 85 افراد معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں اور طیارے میں آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ شہری سیکورٹی ایجنسی کے مطابق 37 مسافروں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق دو لوگوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔

میکسیکو کے صدر اینرک پینا نیٹو نے ٹویٹر پر لکھا کہ انہوں نے دفاع، شہری دفاع اور نقل و حمل کی وزارت کو طیارے کے حادثے کی وجہ سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے کے لئے ہدایات دی گئی ہیں۔ میکسیکو میں امریکی سفارت خانے کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ کیا کوئی امریکی شہری ہوائی جہاز میں سوار تھا یا نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔