کورونا وائرس: شوہر-بیوی نے مانا ٹرمپ کا مشورہ، شوہر ہلاک، بیوی کی حالت نازک!

ٹرمپ نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ہائیڈروکسی کلوروکوئن دوا کا نام ایک پریس کانفرنس کے دوران لیا تھا، لیکن شوہر-بیوی نے اس سے ملتے جلتے نام کا کوئی کیمیکل استعمال کر لیا جس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کی دہشت پوری دنیا پر طاری ہے اور یہ دہشت ایک شخص کے لیے ایسا خطرناک ثابت ہوا کہ اس کی جان چلی گئی۔ دراصل کورونا وائرس سے بچنے کے لیے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مشورہ پر ایک شوہر-بیوی نے عمل کرنے کی کوشش کی اور یہی ان کے لیے مشکل بن گیا۔ شوہر کی جان چلی گئی اور بیوی اس وقت زندگی اور موت کی جنگ میں مبتلا ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ہائیڈروکسی کلوروکوئن دوا کا نام اپنی ایک پریس کانفرنس کے دوران لیا تھا۔ لیکن شوہر-بیوی نے اس دوائی سے ملتے جلتے ہوئے نام کا کوئی کیمیکل استعمال کر لیا۔ اس کی وجہ سے دونوں کی طبیعت خراب ہو گئی اور انھیں اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ علاج کے دوران شوہر کی موت ہو گئی اور بیوی کو بچانے کے لیے ڈاکٹروں کی کوششیں جاری ہیں۔


ڈیلی میل میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق شوہر-بیوی نے کورونا وائرس کے اثرات سے بچنے کے لیے غلطی سے مچھلی کے ٹینک کو صاف کرنے والا ایک کیمیکل پی لیا، جس کی وجہ سے ان دونوں کی طبیعت خراب ہو گئی۔ انھیں لگا تھا کہ یہ وہی جادوئی دوا ہے جس کا نام ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران لیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ شوہر-بیوی کی عمر تقریباً 60 سال ہوگی اور انھوں نے جس کیمیکل کا استعمال کیا اس کا نام کلوروکوئن فاسفیٹ تھا۔

بہر حال، امریکہ میں ایریزونا کی ایک خود مختار صحت تنظیم نے اس واقعہ کو لوگوں کے سامنے ایک مثال کی شکل میں پیش کرنا شروع کر دیا ہے اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کا علاج خود سے کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ یہ ہلاکت خیز ہو سکتا ہے۔ یہ تنظیم لوگوں میں گھریلو چیزوں سے کورونا وائرس کے علاج کے تئیں بیداری پیدا کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔