کیوبا کے شہر ہوانا میں دھماکہ، اب تک 22 افراد ہلاک

کیوبا کے شہر ہوانا کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں خوفناک دھماکہ ہو جانے سے کم از کم 22 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع سرکاری ذرائع نے دی ہے

کیوبا دھماکہ
کیوبا دھماکہ
user

قومی آوازبیورو

ہوانا: کیوبا کے شہر ہوانا کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں خوفناک دھماکہ ہو جانے سے اب تک 22 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع سرکاری ذرائع نے دی ہے۔

کیوبا کی وزارت صحت کے ہسپتال سروسز کے سربراہ جولیو گویرا نے ایک پریس کانفرنس میں دھماکے سے 18 افراد ہلاک اور 50 سے زائد لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ اس سے قبل رپورٹ میں آٹھ افراد ہلاک اور 30 لوگوں کو اسپتال میں داخل کرانے کی بات کہی گئی تھی۔

کیوبا کے صدارتی دفتر نے جمعہ کو ایک ٹویٹ میں کہا ’’صوبہ کے ہیلتھ ڈائریکٹر ایمیلیو ڈیلگاڈو ایزناگا نے تصدیق کی ہے کہ ہوانا میں طبی نظام مکمل طور پرسرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد لوگ خون کا عطیہ دینے کی پیشکش کر رہے ہیں۔


صدارتی دفتر کے مطابق، جمعہ کی صبح ساراٹوگا ہوٹل میں دھماکہ گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوا ہے۔ صدارتی دفتر کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری فوٹو کے مطابق دھماکے کے بعد کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل نے جائے وقوعہ اور ہوانا کے ایک مقامی ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں متعدد زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ہوانا کے گورنر رینالڈو گارسیا زپاٹا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 96 کمروں والے ہوٹل ساراٹوگا میں کوئی سیاح موجود نہیں تھا کیونکہ یہاں تزئین و آرائش کا کام جاری تھا۔ کیوبا کی خبر رساں ایجنسی اے سی این نے ہوانا میں ہوٹل ساراٹوگا کو ہونے والے شدید نقصان اور آسمان پر اٹھنے والے دھول کے بادل کی تصاویر شائع کی ہیں۔

ویب سائٹ کیوبا ڈیبیٹ کی خبر کے مطابق ہوٹل سے ملحقہ اسکول کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق فائیو اسٹار ہوٹل ساراٹوگا میں دو بار، دو ریستوراں اور ایک پول موجود ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔